قوالی
مضامین بسلسلہ |
اسلامی تہذیب |
---|
فن تعمیر |
فن |
لباس |
تعطیلات |
ادب |
موسیقی |
تہذیب |
قوالی موسیقی کی ایک قسم ہے
وجہ تسمیہ
قوالی اسم مبالغہ ہے، جس کا مصدر ’’قول‘‘ ہے۔ کسی قول (بات) کو بار بار دہرانے کو قوالی کرنا کہتے ہیں۔
تاریخ
قوالی کو سلسلہ چشتیہ میں خاص اہمیت دی جاتی ہے۔ روایات کے مطابق قوالی کی شروعات حضرت امیر خسرو سے ہوئی۔ قدیم روایتی کلام زیادہ تر قدیم اردو میں ملتا ہے، تاہم آج کل فارسی، اردو، پنجابی، سرائیکی اور دیگر زبانوں میں بھی قوالیاں بکثرت ہوتی ہیں۔ قوالی کی ابتدا کے بارے میں کوئی مستند روایت نہیں ملتی ہے۔ اسلام میں کئی فرقے “محفل سماع” سے اختلاف کرتے ہیں۔ ان کے پاس اس روایت کے خلاف ٹھوس دلائل بھی موجود ہیں۔
اسلام میں ذکر اور محفل سماع
ذکر” کی روایت ہزاروں برس پرانی ہے۔ یہ روایت اسلام سے پہلے بھی موجود رہی ہے۔ مگر”سماع” اپنے جوہری انداز میں خالصتاً اسلام سے منسلک ہے۔ امام غزالیؒ نے اس کو بہت تفصیل سے بیان کیا۔ انھوں نے “ذکر” اور “سماع” کے فرق کو بھی اجاگر کیا۔ برصغیر میں اسلام “صوفیا” کی بدولت عام لوگوں تک پہنچا۔ صوفیا کا کمال یہ تھا کہ انھوں نے ہمارے دین کو لوگوں کے لیے آسان اور سہل بنا کر پیش کیا۔ ان صوفیا کے علم میں تھا کہ برصغیر میں لوگوں پر موسیقی کی گہری چھاپ ہے۔ چنانچہ ان عظیم لوگوں نے اس روایت کو بھی اپنے اندر سمونے کی بھر پور کوشش کی۔ قوالی کی تاریخ: لفظ’’قوالی‘‘عربی کے لفظ ’’قول‘‘سے مشتق ہے۔ قول کا مطلب ہوتا ہے ’’بات‘‘یا ’’بیان کرنا‘‘۔ اس طرح قوالی کا مطلب ہوا وہ بات جو بار بار دہرائی جائے۔ حالانکہ لفظ قوالی کو بھارت اور پورے برصغیر میں گانے کی ایک خاص صنف کے نام کے طور پر استعمال کیا جانے لگا۔ قوالی ایک خاص اسٹائل کے گانوں کو کہتے ہیں جن میں اللہ کی حمد وثنا ہوتی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعریف ہوتی ہے یا صوفیہ اور اللہ والوں کی منقبت بیان کی جاتی ہے۔ اس کے لیے موسیقی لازم ہے، بغیرآلات موسیقی کے قوالی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ قدیم روایتوں ،صوفیہ کے تذکروں اور تاریخی کتابوں کے مطابق اس خطے میں پرانے زمانے سے صوفیہ کی خانقاہوں میں قوالی کا رواج رہا ہے۔ اس کی ابتدا اگرچہ حضرت نظام الدین اولیاء کے مرید ِ خاص حضرت امیر خسرو سے مانی جاتی ہے جو اپنے عہد کے ایک معروف شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ موسیقی کے فن میں بھی مہارت رکھتے تھے مگر سماع کی محفلیں اس سے پہلے بھی رائج تھیں اور باوجود اس کے رائج تھیں کہ علما کا ایک طبقہ موسیقی کو غیر اسلامی مانتا تھا اور اس کی مخالفت کرتا تھا۔ محفل سماع کا ذکر برصغیر کے چشتی مشائخ کے تذکروں میں خاص طور پر ملتا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی خود اچھے شاعر تھے اور ان کی خانقاہ میں محفل سماع ہوتی تھی۔ ان کے مرید وخلیفہ حضرت قطب الدین بختیارکاکی کی خانقاہ دلی میں تھی اور انھیں سماع کا اس قدر شوق تھا کہ اسی حالت میں انھیں حال آ گیا اور وہ بے خودی کی کیفیت میں آ گئے اور اسی کیفیت میں کئی دن رہ کران کی موت واقع ہو گئی۔ بعض علما کی مخالفت کے باوجود چشتی مشائخ اس پر اصرار کرتے رہے اور لطف کی بات تو یہ تھی کہ انھوں نے بڑی حکمت عملی سے اس کا استعمال اسلام کی تبلیغ میں کیا کیونکہ یہاں کے باشندے موسیقی سے رغبت رکھتے تھے اور یہاں ہزاروں سال سے موسیقی کی روایت چلی آتی تھی۔ قدیم مذہبی گرنتھ ویدوں میں بھی اس پر بہت کچھ موجود ہے۔ یہاں بھجن میں موسیقی کا استعمال ہوتا تھا۔ ہندوستانی تاریخ میں موسیقی کے حوالے سے حیرت انگیز شہرت کے حامل اکبر کے نورتنوں میں سے ایک تان سین کی پرورش گوالیار کے معروف صوفی حضرت محمد غوث گوالیاری کی خانقاہ میں ہوئی تھی اور اسے موسیقی کی تعلیم بھی آپ نے ہی دی تھی۔ آج بھی تان سین کی قبر آپ کے پہلو میں موجود ہے۔ اس قسم کے واقعات اس بات کی گواہی کے لیے کافی ہیں کہ یہاں کے صوفیہ کو موسیقی سے خاص لگائو تھا اور انھوں نے اس ملک کے سنگیت کو بہت کچھ دیا ہے جس میں سے ایک قوالی بھی ہے۔ اس کی ایجاد اور مقبولیت صوفیہ کی مرہون منت ہے۔ سنٹرل ایشیا کے صوفیہ کا بھی موسیقی سے خاص لگائو رہا ہے اور ان کی بھارت آمد سے قبل بھی ان کا موسیقی سے تعلق خاطر تھا۔ خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کئی مواقع پر موسیقی بجائی گئی اور آپ نے اسے منع نہیں کیا۔ لیکن اس میں بھی علمائے کرام مختلف تفاسیر پیش کرتے ہیں کہ کون سے آلات موسیقی کی اسلام میں گنجائش ہے۔ عہد نبوی میں دف بجاکر گانے کا رواج عام تھا جس کا ثبوت احادیث میں موجود ہے۔
قوالی کے موجد امیر خسرو
قوالی کے موجد حضرت امیر خسرو مانے جاتے ہیں اور یہ ان کے فن کی سچائی کی دلیل ہے کہ صدیاں بیت جانے کے بعد بھی یہ فن زندہ ہے اور اسے پسند کرنے والوں کا ایک طبقہ موجود ہے۔ روایت ہے کہ ایک مرتبہ امیرخسرو ،اپنے مرشد حضرت نظام الدین اولیاء کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض گزار ہوئے کہ ان کی شاعری میں وہ شیرینی آجائے جو بے مثال ہو۔ مرشد نے اپنے فرماں بردار مرید کی عرض داشت سنی اور ارشاد ہوا کہ کھاٹ کے نیچے شکر رکھی ہوئی ہے نکالو۔ اسے خود کھاؤ اور حاضرین میں تقسیم کر دو۔ امیر خسرو نے ایسا ہی کیا اور پھر ان کی زبان میں وہ شیرینی آ گئی کہ آج سات سو سال سے زیادہ کی مدت گزرنے کے بعد بھی اس کی مٹھاس میں کمی نہیں آئی۔ خسرو ؔ کو ان کے عہد کے ایک بادشاہ نے "ملک الشعرا" کے خطاب سے نوازا تھا مگر وہ کشورِ سخنوری کے ایسے شہنشاہ ثابت ہوئے جس کی سلطنت کو آج تک کسی نے چیلنج نہیں کیا۔ غالباً یہ اسی شکر کی برکت تھی جو خسروؔ کو بارگاہِ نظامی سے عطا ہوئی تھی۔ وہ شاعری ہی نہیں موسیقی کے فن میں بھی یکتا تھے اور کچھ نئی ایجادات و اختراعات کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے۔ خسروؔ نے اپنی شاعری اور موسیقی کو خالص ہندوستانی رنگ دیا جسے کثرت میں وحدت کی مثال کہا جا سکتا ہے اور اسی کی تقلید بعد کے فنکاروں نے کی۔ امیر خسرو کی ولادت اترپردیش کے پٹیالی قصبے میں ہوئی،جو متھرا سے ایٹہ جانے والی شاہراہ پہ گنگا کنارے واقع ہے۔651ھ بمطابق 1252ء کو یہاں کے ایک امیر کبیرگھرانے میں انھوں نے جنم لیا۔ یہ سلطان ناصرالدین محمود کا دور سلطنت تھا۔ والد کا نام امیر سیف الدین محمود اور والدہ کانام دولت ناز تھا۔ والد ایک مہاجر ترک تھے تو والدہ ایک(ہندو) نومسلم ،سیاہ فام ہندوستانی سیاست داں کی بیٹی تھیں۔ وہ اپنے تین بھائیوں اور ایک بہن میں منجھلے تھے۔ خسرو کا اصل نام یمین الدین محمود تھا مگر شہرت انھیں ان کے تخلص سے ملی۔ امیر، ان کا موروثی خطاب تھا۔ انھوں نے اپنی شاعری اور موسیقی میں خالص ہندوستانی انداز کو اپنایا اسی لیے وہ خوب مقبول ہوئے۔ ان کے فن میں اہل وطن نے اسی مٹی کی سوندھی خوشبو محسوس کی۔ امیر خسرو کا نام آج تک علم موسیقی میں ان کے حیرت انگیز تجربات کی وجہ سے زندہ ہے۔ وہ نظام الدین اولیاءؒ کے مرید ہو چکے تھے۔ روایت کے مطابق “فنافی الشیخ” کی منزل پر پہنچ چکے تھے۔ قوالی کی صنف کو امیر خسرو نے اپنے مرشد کی اطاعت اور مرضی سے انمول بنا دیا۔ انھوں نے مختلف نئے راگ ترتیب دیے۔ آج کا ستار اور طبلہ، صرف اور صرف اس مردِ عظیم کی کاوش اور ایجاد ہے۔ انھوں نے اپنی اکثر قوالیاں بھاگیشری، سوہنی، بہار اور بسنت راگوں میں بنائیں۔ نظام الدین اولیاء کے حکم پر انھوں نے بارہ خوش الحان گائیکوں کی ایک ٹولی ترتیب دی۔ ان تمام کو سماع کی نازک جزئیات سکھائیں۔ اس میں سے آج صرف پانچ نام محفوظ ہیں۔ میاں سمات، حسن ساونت، بہلول، تاتر اور فغانی اس بارہ کی ٹولی میں شامل تھے۔ اس فن نے سلاطین دہلی سے لے کر مغلوں تک کا سفر بڑے آرام سے کیا۔ شاہ جہاں کے دور میں دو بہت مشہور قوال گذرے ہیں۔ ان کا نام “رضا اور ر “کبیر” تھا۔ حضرت امیر خسروؔ کی طرف منسوب ’’چھاپ تلک سب چھینی رے‘‘ ’’اے ری سکھی ری مورے خواجہ گھر آئے‘‘ سے لے کر ’’بھردو جھولی مری یامحمد‘‘’’سجدے میں سر کٹادی محمد کے لعل نے‘‘تک ایسی قوالیاں بڑی تعداد میں ملتی ہیں جن کی مقبولیت زمان ومکان کی قید سے اوپر ہے۔ برصغیر کا خطہ’’ قوالی‘‘کی جنم بھومی ہے۔ یہ ایک خالص ہندوستانی فن ہے جو اسی دھرتی سے اٹھا ہے۔ یہ خانقاہوں میں پیدا ہوا اور وہیں اس کی نشو و نما ہوئی۔ البتہ وقت اور حالات نے اس پر اثر ڈالا اور اس میں بہت سی تبدیلیاں بھی ہوتی رہیں۔ ابتدا میں اس کی زبان فارسی ہوتی تھی مگر رفتہ رفتہ اس کی زبان ہندوی یا اردو ہو گئی۔’’محمد کے شہر میں‘‘’’دمادم مست قلندر‘‘عام لوگوں کے اندر بے حد مقبول ہوئیں۔ اس کے بعد یہاں کی علاقائی زبانوں میں بھی قوالیاں گائی جانے لگیں قوالی میں تبدیلی کا دور قوالی کا فن اس قدر مقبول ہوا کہ وہ خانقاہوں سے نکل کر عوام الناس تک پہنچ گیا اور عوامی محفلوں میں اسے گایا جانے لگا۔ اب یہ خانقاہوں اور درگاہوں تک محدود نہیں رہا بلکہ عام لوگوں کی پسند بن چکا تھا۔ ایک ایک محفل میں ہزاروں اور لاکھوں کی بھیڑ جمع ہوجاتی اور قوالی گانے والے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچ جاتے۔ بھارت میں سنیما کی آمد سے قبل عام لوگوں کی تفریح طبع کا سامان ہوا کرتی تھیں قوالی کی محفلیں اور جب یہاں سنیما متعارف ہوا تو قوالیوں کو بھی یہاں جگہ دی گئی۔ البتہ ایک بڑا بدلائو یہ ہوا کہ قوالی کے مضامین بدل گئے۔ جہاں خالص حمدونعت، منقبت اور پند و نصیحت کے مضامین اس کا حصہ ہوا کرتے تھے وہیں اب عاشقانہ مضامین اس میں شامل ہو گئے۔ غزل میں جس طرح حسن وعشق کا بیان ہوتا تھا،ا سمیں بھی ہونے لگا۔ فلمی قوالیوں نے جہاں اس فن کو مقبول بنانے کا کام کیا وہیں اسے کمرشیلائز کرکے اس کی حرمت اور تقدس کو بھی پامال کیا۔ قوالی اخلاقیات سے دور ہوتی چلی گئی اور اس میں صوفیانہ مضامین کی جگہ سوقیانہ خیالات درآئے۔ مرد اور خواتین قوالوں کے بیچ مقابلے شروع ہو گئے۔ اسی قسم کی ایک فلمی قوالی جو بے حد مقبول ہوئی تھی وہ تھی ’’عشق عشق ہے‘‘ حالانکہ 80 19ء کی دہائی میں فلم ’’نکاح‘‘ کی قوالی’’ چہرہ چھپا لیا ہے‘‘ نے مقبولیت کے تمام رکارڈ توڑ دیے تھے۔ فلم مغل اعظم کی اس قوالی کو فراموش نہیں کیا جا سکتا جو انارکلی اور بہار کے بیچ مقابلے کی شکل میں ہوتی ہے’’تیری محفل میں قسمت آزماکے ہم بھی دیکھیں گے‘‘۔ علاوہ ازیں ’’ہمیں تو لوٹ لیا مل کے حسن والوں نے‘‘’’جھوم برابر جھوم شرابی‘‘جیسی قوالیوں کو مشہور ترین قوالیوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ قوالی کے پرانے انداز کو زندہ کرنے کی ضرورت
جس زمانے میں قوالی کا فن اپنے رنگ روپ بدل رہا تھا اور اسے اکتساب زر کا اچھا ذریعہ سمجھا جا رہاتھا اسی دوران پاکستان کے صابری برداران کا ظہور ہوا جنھوں نے اس کے پرانے رنگ وروپ کو دوبارہ ابھارنے کی کوشش کی اور اسے ماضی کی طرف لے جانے میں اہم کردار نبھایا۔ یہ قوالی کے احیاء کا دور تھا۔ حالانکہ اسی دوران بھارت اور پاکستان میں بڑی تعداد میں قوال موجود تھے مگر کسی کا صابری بھائیوں سے کوئی مقابلہ نہیں تھا۔ ان بھائیوں کے بعد صوفیانہ قوالی کو رنگ وآہنگ عطا کیا ان کی گائ ہوئ ایک ایک قوالی ماسٹر پیس ہے اوراب تک ہزاروں قوالوں کی دال روٹی یہی قوالیاں گا کر چل رہی ہے۔ یہ قوالیاں بلاشبہ ہزاروں کی تعداد میں ری مکس اور بے شمار گلوکاروں نے گائی ہیں۔ لیکن ان میں سے کوئی صابری برادران کی گرد تک کو نہیں چھو سکا ہے۔ تاجدار حرم، میرا کوئی نہیں ہے تیرے سوا یا محمد ص نور مجسم یا حبیبی یا مولائی، اللہ کے حضور میں سر کو جھکا کے دیکھ، کوئی حد ہے ان کے عروج کی، قوالی اتنی پر اثر کیوں؟ قوالی کی اثر انگیزی اور دل پزیری میں بڑا ہاتھ اس کے ساتھ زوردار آواز میں آیک خاص لے سے بجنے والے ڈھول، طبلے، ہارمونیم اور تالیوں کی ہے۔ ایک ریسرچ کے مطابق انسان ڈھول طبلے یا ڈرم کی بیٹ سن کر ایک خاص قسم کا وجد یا جسم کی دماغ کے ساتھ ہم آہنگی محسوس کرتا ہے۔ تحقیق کے مطابق اس میں بڑا ہاتھ ماں کے دل کی دھڑکن کی دھک دھک ہے جو پیٹ میں موجود بچہ اپنی حس سماعت مکمل ہونے کے بعد اپنی پیدائش تک مستقل سنتا ہے۔ اس کے لاشعور میں یہ دھک دھک ایسی رچ بس جاتی ہے کہ اس دھمک اور ردھم کو سن کر وہ اسی خود فراموشی کی کیفیت میں جانا چاہتا ہے جو اس کی اس دنیا میں آمد سے پہلے اس کی کل کائنات تھی۔ بچوں کو جب تھپکا جاتا ہے تو وہ سو جاتے ہیں۔ یہاں بھی وہی وجہ کارفرما کے کی جب بچے کی کمر یا سینے یا کندھے پر ہاتھ سے تھپکی دی جاتی ہے تو وہی دھک دھک اس کو اپنے جسم اور کانوں میں محسوس ہوتی ہے جس کو سن کر دماغ اور جسم اس لے کے تحت ایک ردھم میں آکر پرسکون ہوجاتے ہیں۔ قوالی میں جب یہی زوردار ڈھول کی دھک دھک اور اس کے ساتھ ان ھستیوں کے نام یا ذات باری تعالی کا ذکر جن سے انسان روحانی و قلبی تعظیم اور تعلق رکھتا ہے لگا تار تکرار سے کیا جاتا ہے تو یہ انسان کے دل و دماغ پر دہرا اثر ڈالتی ہے اور سننے والے وجد میں آجاتے ہیں جب یہ کیفیت مکمل طور پر غالب آ جائے تو اسے حال آنا کہتے ہیں جس میں انسان مکمل طور پر ہوش و حواس سے بیگانہ ہو جاتا ہے۔۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ اکثر ایسے افراد بھی قوالی سن کر وجد میں آجاتے ہیں جو قوالی کی زبان یا اس میں ادا کیے الفاظ کا مطلب نہیں جانتے۔ صابری برادران کے غیر ملکی دوروں کے دوران سینکڑوں بلکہ شاید ہزاروں غیر مسلم افراد نے قوالی سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا۔ قوالی میں اختراع اور جدید قوالی کا بانی: پاکستان میں نصرت فتح علی خان کا پہلا تعارف اپنے خاندان کی روایتی رنگ میں گائی ہوئی ان کی ابتدائی قوالیوں سے ہوا۔ ان کی مشہور قوالی ’علی مولا علی‘ انہی دنوں کی یادگار ہے۔ بعد میں انھوں نے لوک شاعری اور اپنے ہم عصر شعرا کا کلام اپنے مخصوص انداز میں گا کر ملک کے اندر کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور اس دور میں ’سن چرخے مٹھی مٹھی مٹھی کوک ماہی مینوں یاد آوندا‘ اور ’سانسوں کی مالا پہ سمروں میں پی کا نام‘ نے عام طور پر قوالی سے لگاؤ نہ رکھنے والے طبقے کو بھی اپنی طرف راغب کیا اور یوں نصرت فتح علی خان کا حلقہ اثر وسیع تر ہو گیا۔استاد نصرت فتح علی خاں نے قوالی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اختراع کی. انھوں نے قوالی کو شہرت لا دوام دی اور حقیقی معنوں میں امیر خسرو کے فن کو دنیا میں روشنس کروایا. یہ انہی کا کرشمہ تھا کہ ایشین میوزک سے نابلد اور اردو، فارسی، پنجابی وغیرہ سے نا آشنا لوگ بھی اللہ اللہ کی صدا پر سر دھنتے اور دھمال ڈالتے نظر آئے. مگر خان صاحب بہت جلد اس دنیا کو چھوڑ کر چلے گئے ۔ وہ اکثر پی ٹی وی کے محفل سماع پروگرام میں روایتی انداز سے قوالی گاتے تھے۔شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لیے عمران خان کی آواز پر لبیک کہا یوں عمران خان کے بہت قریب ہوئے۔سن 1997 میں وہ عارضہ جگر کے باعث لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے۔ اب ان کے بھانجے استادراحت فتح علی خاں مقبول ہیں اور درگاہوں سے لے کر فلموں تک ان کی آواز سنائی دے رہی ہے۔ لیکن راحت فتح علی روایتی قوالی سے زیادہ غزلیں اور فلمی گانے گاتے ہیں۔ ان کی آواز اور گائیگی کی مقبولیت نے بڑے بڑے منجھے ہوئے اور مہا گلوکاروں کی چھٹی کردی ہے۔ ھندو انتہا پسندوں کی شدید ترین مخالفت کے باوجود بھارت میں ان کا طوطی بول رہا ہے۔ ان کے گائے ہوئے ہر گیت اور غزل نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ استاد راحت نے بھارت کے بڑے بڑے مقبول فلمی گلوکاروں کو مستقل طور پر گھر بٹھا دیا ہے۔ بھارت اور پاکستان میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو آج بھی اس فن سے واقفیت رکھتے ہیں مگر بیشتر لوگ اسے پارٹ ٹائم جاب کی طرح دیکھتے ہیں کیونکہ سوائے چند حضرات کے اب یہ کسی کی مالی ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہے۔ درگاہوں کے آس پاس جو قوال نظر آتے ہیں ان میں سے بیشتر فن سے ناواقف ہوتے ہیں اور ان میں ایسے لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے جو دن بھر آس پاس کوئی معمولی قسم کے کام کرتے ہیں اور شام کو ڈھول ،ہارمونیم لے کر بیٹھ جاتے ہیں۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ سرکاری طور پر اس فن کی سرپرستی کی جائے اور اس کے روایتی پرانے انداز کو دوبارہ عوام کے سامنے لایا جائے۔ یہ ہماری تہذیب سے جڑا ہوا فن ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے کلچر کی حفاظت کریں۔
قوالی اور تبلیغ اسلام
برصغیر میں اسلام کی اشاعت میں قوالی نے نہایت اہم کردار ادا کیا۔ برصغیر میں تبلیغ اسلام کے دوران اس دور کے صوفیا نے دیکھا کہ موسیقی ہندوؤں کے رگ و پے میں سمائی ہوئی تھی۔ چنانچہ انھوں نے مختلف قسم کے اسلامی کلام کو موسیقی کے ساتھ پیش کرنا شروع کیا، جو بعد ازاں فن قوالی کے روپ میں ابھرا۔ اللہ اور اس کے رسول کی یاد دلانے والے کلام کو موسیقی کے ساتھ عوام تک پہنچانے کو باعث ثواب سمجھا جاتا ہے۔
قوالی اور حضرہ
عالم عرب میں بھی اسلامی کلام کو موسیقی کے ساتھ پیش کرنے کا رواج پایا جاتا ہے۔ شرکاء دورانِ سماع اٹھ کر جھومنا شروع کر دیتے ہیں، جسے حضرہ کرنا کہتے ہیں۔ قوال حضرات برصغیر میں رائج قوالی کو ’عجمی حضرہ‘ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ موسیقی اسلام میں حرام ہے
پاکستان میں قوالی
پاکستان نے متعدد ایسے قوال پیدا کیے جنھوں نے دنیا بھر میں شہرت پائی۔ بالخصوص نصرت فتح علی خان، عزیز میاں اور صابری برادران کا شمار صف اول میں ہوتا ہے۔
قوال
ماضی کے قوال
- عزیز میاں
- بدر میاں داد
- معین نیازی[مردہ ربط]
- بہا الدین قطب الدین
- فتح علی خان
- حبیب پینٹر
- منشی رضی الدین
- نصرت فتح علی خان
- صابری برادران
- امجد فرید صابری
- راحت نصرت فتح علی خان
- حاجی محمد یاسین فریدی
- ارشاد علی صابری
- بخشی سلامت
- رشید احمد فریدی
- مہرعلی شیرعلی
- میانداد فریدی
موجودہ قوال
- عتیق حسین حان
- عبد اللہ منظور نیازی
- عابدہ پروین
- فیض علی فیض
- فرید ایاز
- راحت نصرت فتح علی خان
- ریحان معظم قوالی گروپ
- وحید اور نوید چشتی
- تاج محمد شاد محمد نیازی
- وارثی برادرز
- قطبی برادرز
- آصف علی سنتو خان
- استاد کالے خان بھاگ
حوالہ جات
بیرونی روابط
- BBC Radio 3 Audio (45 minutes): The Nizamuddin shrine in Delhi. Accessed November 25, 2010.
- BBC Radio 3 Audio (45 minutes): A mahfil Sufi gathering in Karachi. Accessed November 25, 2010.
- Origin and History of the Qawwaliآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ osa.co.uk (Error: unknown archive URL), Adam Nayyar, Lok Virsa Research Centre, اسلام آباد. 1988.
- QAWWALI PAGE Islamic Devotional Musicآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ chandrakantha.com (Error: unknown archive URL) by David Courtney, Ph.D.