پرنٹنگ پریس برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ،فضل مقیم

ٹیکسٹ بک بورڈ کا کام پنجاب سے واپس پشاور منتقل کیا جائے ۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسزواپس لے کرکاروباری افراد کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے آسانیاں پیدا کئے جائیں ،صدر سرحد چیمبر

جمعرات 9 جنوری 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے مطالبہ کیا کہ پرنٹنگ پریس برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اورٹیکسٹ بک بورڈ کا کام پنجاب سے واپس پشاور منتقل کیا جائے ۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسزواپس لے کرکاروباری افراد کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی بجائے آسانیاں پیدا کئے جائیں ۔

پرنٹنگ پریس انڈسٹری کی ترقی اور کاروبار کی بحالی کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز فرنٹیئر پرنٹرز اینڈ پبلشرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صوبائی نائب صدر احمد مشتاق خلیل کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر حاجی عبدالجلیل جان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سیف اللہ خان بھی موجود تھے۔

وفدنے سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان کو پشاور سمیت صوبے بھرکی پرنٹنگ پریس برادری کودرپیش مسائل اور محکمہ ایکسائز کی جانب سے بھیجے جانیوالے پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز سے متعلق پرنٹنگ پریس برادری کے تحفظات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے ٹیکسٹ بک بورڈ کا کام پشاورکی پرنٹنگ پریس برادری کو نہ دینے کے حوالے سے ابھی صدر فضل مقیم خان کو آگاہ کیا ۔وفد نے ٹیکسٹ بک بورڈ خیبر پختونخوا کا کام پنجاب منتقل ہونے کے باعث شدید بحرانی کیفیت سے دوچار پرنٹنگ پریس برادری کے کاروبار کی بحالی اور ٹیکسٹ بک بورڈ کا کام واپس پشاور منتقل کرنے کیلئے سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان سے اپنا موثر کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے موثر انداز میں بات چیت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹسز کے معاملے پر صوبائی حکومت اور وزیر ایکسائز ساینڈ ٹیکسیشن سے رابطے کئے گئے ہیں جس میں سرحد چیمبر کو یقین دلایا گیا ہے کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے متعلقہ ٹیکسوں کے حوالے سے بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو پرنٹنگ پریس برادری کے مشکلات سے آگاہ کیا جائے گااور ٹیکسٹ بک بورڈ کا کام واپس پشاور منتقل کرنے کیلئے سرحد چیمبر اپنا اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہاکہ سمال انڈسٹری کی حیثیت کے باعث رینگ روڈ کے نزد یک حکومت بزنس کمیونٹی کو آسان شرائط پر بلاسود اراضی فراہم کریں تاکہ اندرون شہر ٹریفک کے مسائل بھی حل ہو سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ محلہ جنگی کو لوڈشیڈنگ فری قراردینے کے ساتھ ساتھ بجلی کے بوسیدہ تاروں کو تبدیل کیا جائے اور اس کیلئے علیحدہ فیڈرز بنائے جائیں۔