شہر قائد میں ایک بار پھر پانی بحران کا خدشہ ہے، یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی سپلائی لائن لیک ہوگئی

یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی پر پانی کے باعث پرانی سبزی منڈی کے قریب سڑک تالاب بن گئی ، جس سے سوک سینٹرسے کشمیرپارک تک کا سفرمشکل بن گیا

جمعرات 9 جنوری 2025 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء) شہر قائد میں ایک بار پھر پانی بحران کا خدشہ ہے، یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی سپلائی لائن لیک ہوگئی ، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مصروف ترین شاہراہ یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی پر ترقیاتی کام ہونے کی وجہ سے گلشن اقبال کو پانی سپلائی کرنے والی لائن لیک ہوگئی۔

(جاری ہے)

پانی کی لائن لیک ہونے سے شہر میں ایک بار پھر پانی کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔دوسری جانب یونیورسٹی روڈ نیپا چورنگی پر پانی کے باعث پرانی سبزی منڈی کے قریب سڑک تالاب بن گئی ، جس سے سوک سینٹرسے کشمیرپارک تک کا سفرمشکل بن گیا۔سڑک پرپانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جبکہ بس منصوبے کی وجہ سے پہلے ہی ٹریفک روانی متاثرہوتی ہے، جس کے باعث دفاتر ، دکانوں اور اپنے کاموں پر جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔لائن لیک ہوئے کئی روز گزرنے گئے لیکن متعلقہ اداروں کی جانب سے مسئلہ حل نہ کیا جاسکا۔