وزیر اعظم کی ہدایت پر رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت اجلاس ، گلگت بلتستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مسئلے کے حل کیلئے امورپر غور

وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کے لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے

جمعرات 9 جنوری 2025 17:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کے لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے اور حکومت اس مشکل میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ مسئلے کے حل کیلئے وزارت بین الصوبائی رابطہ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور رانا ثناء اللہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا جس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، گلبر خان ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، حفیظ الرحمن سابق وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ، وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی ، وفاقی سیکرٹری برائے وزارت خزانہ، امداد اللہ بوسال سمیت پلاننگ ڈویڑن ، وزارت برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کو گلگت بلتستان میں جاری حالیہ لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔وفاقی مشیر کو بتایا گیا کہ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے گلگت بلتستان میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اصافہ ہو جاتا ہے جبکہ ہائیڈرو فلو کم ہوتا ہے جسکی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے اور گلگت بلتستان میں لوگ بجلی نہ ملنے کی وجہ سے سراپاً احتجاج ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کے لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہیاور حکومت اس مشکل میں گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ اجلاس میں اس بحرانی کیفیت سے نکلنے کے لیئے گورنر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ، فنانس ڈویڑن اور دیگر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے محتلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہائیڈرو فلو کم ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں کو جنوری سے مارچ 2025 تک ڈیزل جنریٹرز کے ذریعے بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے لیکن عدم دستیابی فنڈز کی وجہ سے حکومت گلگت بلتستان یہ اقدام اٹھانے سے قاصر ہے۔مسئلے کے حل کے لئے وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان وفاقی حکومت کی طرز پر اپنے حکومتی اخراجات کم کریگی اور GB کونسل کا اجلاس دس دنوں کے اندر بلا کر GB کے فنڈز ریلیز کیا جائے گاجبکہ ڈیزل جنریٹرز چلانے کے لیئے درکار باقی ماندہ فنڈز وفاقی حکومت، گلگت بلتستان کے مختص کردہ بجٹ سے مہیا کرے گی دھرنے کی نمائندہ قیادت نے وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔

وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ GB کے لوگوں کو اس یخ بستہ سردی میں بجلی کی فراہمی اشد ضروری ہے اور وزیر اعظم نے اس مسئلے کے حل کے لیئے خصوصی تاکید کی ہے۔