قصور، ٹریفک کے دو مختلف حادثات ،تین بچے ایک عورت جاں بحق ، دو افراد اور ایک بچہ شدید زخمی

جمعرات 9 جنوری 2025 17:20

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں تین بچے ایک عورت جاں بحق جبکہ دو افراد اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات چشتیاں کا رہائشی عابد علی ولد منظور اپنی فیملی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سرائے مغل جارہے تھے کہ جب وہ ملتان روڈ دیناناتھ کے قریب پہنچے تو 22ویلر ٹرالر نے ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں 30سالہ یاسمین اس کی 8سالہ بچی ارفعی اور 5سالہ خدیجہ موقع پر جاں بحق جبکہ عابد علی شدید زخمی ہوگیاجسے ریڈ کریسنٹ ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

قلعہ تارا سنگھ دیپالپور کا رہائشی خدابخش اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پر لاہور جارہاتھا کہ جب وہ حبیب آباد کے قریب پہنچا تو اس کی بیوی کا دوپٹہ موٹرسائیکل کے چین میں پھنس گیا جس کی وجہ سے بیوی اور بچے سڑک پر گر گئے۔ اس دوران پیچھے سے آنے والی مسافر بس نے ندیم کی 5سالہ بیٹی ثوبیہ بی بی کو کچل دیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ندیم اور اس کا 4سالہ بیٹا شمشیر زخمی ہوگئے۔ ندیم اور اس کے بیٹے کو ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی منتقل کردیاگیا۔ مقامی پولیس نے بس کو قبضہ میں لے لیاجبکہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔