Live Updates

پٹرول پمپ،تیل ایجنسیاں،کم پیمانے،ملاوٹ اور اوور چارجنگ اس مہنگائی کے دور میں درد سر بن گئے

جمعرات 9 جنوری 2025 12:25

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)پٹرول پمپ،تیل ایجنسیاں،کم پیمانے،ملاوٹ اور اوور چارجنگ اس مہنگائی کے دور میں درد سر بن گئے۔شہریوں عوامی سماجی حلقوں کی طرف سے گورنر پنجاب،وزیراعلی پنجاب کمشنر لاہور ڈویڑن،ڈپٹی کمشنر ننکانہ سے نوٹس لیکر اصلاح واحوال کا مطالبہ۔تفصیل کے مطابق ضلع ننکانہ بھر میں قائم متعدد پٹرول پمپوں اور تیل ایجنسیوں کے کم پیمانے اور ملاوٹ اور اوور چارجنگ اس مہنگائی کے دور میں عوام کیلئے سردرد بن گئے منی پٹرول پمپ اور تیل ایجنسیاں اور پیٹرول پمپ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے،اس مہنگائی کے دور میں پٹرول پمپوں کے کم پیمانوں کے سبب ادا کردہ رقم سے کم ڈیزل پٹرول ملنے لگا اور ملاوٹ شدہ ڈیزل پیٹرول کے سبب موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے انجن خراب ہونے لگے،ایک طرف مہنگائی اور آسمانوں سے باتیں کرتی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے شہریوں کا امتحان لینا شروع کیا ہوا ہے تو دوسری جانب ضلع ننکانہ بھر میں موجود تیل ایجنسی اور پیٹرول پمپ مالکان نے پیٹرول ملاوٹ کے ساتھ ساتھ پیمانوں میں واضح کمی کر رکھی ہے جس سے انتظامیہ کی خاموشی اس جرم میں ملوث ہونے کے واضح تاثر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں عوامی سماجی حلقوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پٹرول پمپس مالکان جہاں ایک طرف پیمانے کم کرکے شہریوں کو اس مہنگائی کے دور میں لوٹ رہے ہیں وہیں دوسری طرف پٹرول میں ملاوٹ شدہ ڈیزل پٹرول فروخت کرکے شہریوں کے ذرائع آمدورفت اور کاشتکاروں کے پیٹر انجنوں کو کباڑ میں تبدیل کر رہے ہیں شہریوں،عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعظم،وفاقی وزیرپٹرولیم،گورنرپنجاب،وزیراعلی پنجاپ،کمشنر لاہور ڈویژن اورڈپٹی کمشنر ننکانہ سے فوری طور پر نوٹس لیکر قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات