عوام کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں،ڈ اکٹر شذرہ منصب

ضلع بھر میں رابطہ سڑکیں، سیوریج سمیت ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ

جمعرات 9 جنوری 2025 12:09

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے عوام دوست ویژن پر مشتمل ترقیاتی پروگرام کے تحت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں،ضلع بھر میں رابطہ سڑکیں، سیوریج سمیت بے شمار ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام ہورہاہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو، سابق وفاقی وزیرچوہدری محمدبرجیس طاہر، ارکان پنجاب اسمبلی مہر کاشف رنگ الہی پڈھیار، آغا علی حیدر خان، سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدر ی طارق محمود باجوہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، واپڈا کے افسران سمیت تمام محکمہ جات کے سینئر افسران نے شرکت کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی،ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے کہا کہ تمام محکمہ جات سرکاری فنڈز کو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے استعمال کریں، متعلقہ محکمہ جات فضائی آلودگی اور گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور وزیر اعلی پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنائیں، سی ایم انیشیٹوز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہیے،انہوں نے واپڈا حکام کو ہدائت کی کہ ضلع بھر میں ٹرانسفارمر خراب ہونے کی فی الفور نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب یقینی بنائیں،کسی دیہات میں لائٹ نہ ہونے کی شکایت موصول نہ ہو،انہوں نے واپڈا افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ ضلع میں کسی بھی صارف کا ایک ماہ کے پینڈنگ بل پر میٹر نا اتارا جائے، خلاف ورزی کرنے والے افسران و اہلکاران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی،انہوں نے کہا کہ تمام ایس ڈی او صاحبان ممبران اسمبلی کے قریبی رابطہ میں رہیں،ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ ضلع بھر میں لٹکتی تاروں کو ہٹانے کیلئے اقدامات کیے جائیں اور کسی بھی سرکاری اراضی پر بجلی کا کنکشن نہ لگایا جائے،ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر را نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ تمام سرکاری اداروں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات جاری ہیں جبکہ سکولوں کی سولرائزیشن کی جا رہی ہے، متعدد سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کے بلوں کی مد میں جانے والی رقم سکولوں کی تزئین و آرائش، ادویات و دیگر کاموں پر خرچ کی جائے گی۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کے 21 ہسپتالوں کی ری ویمپنگ تیزی سے جاری ہے جبکہ سڑکوں کی بحالی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔