ملک کیخلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے‘ عظمی بخاری

بدھ 8 جنوری 2025 23:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2025ء)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ملک کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو معافیاں اور این آر او نہیں ملتے،نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے ان کو اپنا روشن مستقبل چاہیے یا شیطانی سوچ والے شخص کی اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے،2014 ء سے جاری گھٹیا مہم کے باوجود مریم نواز ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول اور طاقتور ہو رہی ہیں۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایک شیطانی سوچ والے شخص اور مخصوص جماعت نے نوجوانوں کی برین واشنگ کی، 9مئی اور 26نومبر کی ناکام بغاوتیں نوجوانوں کی برین واشنگ کا نتیجہ ہیں، نوجوانوں کو خود فیصلہ کرنا ہے ان کو اپنا روشن مستقبل چاہیے یا شیطانی سوچ والے شخص کی اقتدار کی ہوس کا ایندھن بننا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو اقتدار کی کرسی پر بیٹھ کر شاہی حکم کو حرف آخر قرار دیتے تھے آج انکو آئین اور قانون کی باتیں کرتے شرم آنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب قوم کے بچوں کو الیکٹرک بائیکس کے بعد سکالر شپ دے رہی ہیں، مریم نواز طلبہ کے ساتھ لاکھوں والدین سے دعائیں وصول کر رہی ہیں، جو ان کی کارکردگی کا مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ان پر کیچڑ اچھال رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مریم نواز کے خلاف 2014ء سے گھٹیا مہم چل رہی لیکن وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول اور طاقتور ہو رہی ہیں، جو عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آتے انہی کو عوام کی فکر ہوتی، جو چور دروازوں سے اقتدار پر قابض ہوتے وہ قوم کے بچوں کے ہاتھ پٹرول بم اور غلیلیں ہی تھماتے ہیں۔