پاکستان کا استحکام آئین و قانون کی حقیقی بالا دستی میں ہی پوشیدہ ہے

بدھ 8 جنوری 2025 23:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2025ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام آئین و قانون کی حقیقی بالا دستی میں ہی پوشیدہ ہے اور اس ضرورت کو یقینی بنانے کے لیے عارضی، ناپائیدار فیصلوں اور اقدامات کے بجائے طویل المدتی اور مستحکم پالیسیاں اختیار کیے جانے کی ضرورت ہے۔ معاشی و سیاسی استحکام درحقیقت قانون کی عملدار پہ منحصر ہے۔

بدقسمتی سے وطن عزیز کو اپنے قیام سے ہی جن لا متناہی مسائل کا سامنا رہا ہے ان میں سب سے کلیدی مسئلہ محب وطن قیادت کا فقدان رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک سیاسی انتشار اور بے یقینی کا شکار ہے اس سے ہر شعبے کی طرح ملک کی معیشت بھی بہت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

آج کل ملک کا ہرباشندہ ملکی معیشت کی تباہ حالی اور سیاسی انتشار اور عدم استحکام کی صورتحال سے پریشان ہے اور ہر پاکستانی کو ان خطرات کا ادراک ہے کہ یہ صورتحال ملک کی بقاء اور سلامتی کے لیے حقیقی طور پر سنگین خطرات کا موجب ہے۔المیہ یہ ہے حکمرانوں کو اس بات کا ادراک ہی نہیں اور وہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی بحران کی سنگین صورتحال درپیش ہے اور معیشت کی ابتری کی یہ صورتحال موجودہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں سے کنٹرول ہوتی ہوئی نظر نہیں آتی ۔

ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سیاسی عناصر کو بات چیت کے ذریعے معاملات، مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ دھمکی اور دھونس کی سیاست سے اصل نقصان صرف اور صرف ملک اور عوام کا ہو رہا ہے۔ملک اور عوام حکمرانوں کے ناقص پالیسیوں کے ہولناک نتائج کے متحمل نہیں ہو سکتے۔پٹرول، گیس، ڈیزل، بجلی، گھی اور چینی وغیرہ کے ریٹس بھی انتہا کو پہنچ گئے ہیں جس نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

پاکستان میں براہِ راست غیرملکی سرمایہ کاری بہت کم ہوگئی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانا چاہتی ہے ۔ جب تک پاکستان کو محب وطن قیادت میسر نہیں آتی اس وقت تک مسائل کا حل ممکن نہیں ۔بحرانوں کا ایک لا متناہی سلسلہ ہے جو روکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ۔