مسئلہ کشمیر کو استصواب رائے کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

بدھ 8 جنوری 2025 17:49

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیری اقوا م متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کیلئے گزشتہ کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائو ں نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیری مزاحمتی قیادت اور پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانات اور پروپیگنڈے کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ اجلاس کے دوران اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت نے کشمیریوںکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت طاقت کے بل پر دبا رکھا ہے اور وہ انکی جدوجہد کو ظلم وستم کے ذریعے دبانے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں واضح کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

بھارتی پولیس نے ضلع کٹھوعہ کے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں کے دوران دو نوجوانوں محمد عباس اور فرمان علی کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کر لیا۔گرفتار نوجوانوں کو جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا۔ دریں اثنا حریت رہنمائو ں اور تنظیموں نے ممتاز مزاحمتی کارکن سجاد احمد کینو کو آج ان کی شہادت کی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنما ئوں بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی کے علاوہ فاروق احمد، فریدہ بہن جی، ڈاکٹر مصعب اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے سری نگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ شہید سجاد احمد کینو جیسے شہداءکشمیریوں کے حقیقی ہیروہیں۔ انہوں نے کہا کہ سجا د کینو موجودہ تحریک آزادی کے اولین کارکنوں میں سے ایک تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔بھارتی فوجیوں نے سجاد احمد کینو کو 1996میں آج ہی کے دن ضلع اسلام آباد میں شہید کیا تھا۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہر طرف چھائی قبرستان جیسی خاموش کو ہرگز امن کا نام نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے بی جے پی حکومت کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جن سے لوگوں کے دکھوں کا مداوا ہوسکے۔