مظفرآباد ، بجلی کا طویل بریک ڈائون، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 سے 20 گھنٹے تک جاپہنچا

ہفتہ 14 دسمبر 2024 20:20

مظفرآباد ، بجلی کا طویل بریک ڈائون، لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 سے 20 گھنٹے ..
مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2024ء)یونین کونسل پاہل میں بجلی کا طویل ترین بریک ڈائون،فورس لوڈشیڈنگ کادورانیہ18سے 20گھنٹے تک جاپہنچا، محکمہ برقیات یونین کونسل پاہل میں بجلی کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام، 20ہزار نفوس پرمشتمل آبادی اندھیرے میں ڈوب گئی۔ ممبرضلع کونسل اور ممبر وارڈ کونسل بھی اس حوالے سے کوئی کردار ادا نہ کرسکے۔

محکمہ برقیات کی نااہلی اور غفلت کے باعث اس وقت یونین کونسل پاہل گزشتہ10دن سے بجلی کا طویل بریک ڈائون جاری ہے۔یونین کونسل چکوٹھی سے بجلی کی لائن کاٹ کر یونین کونسل پاہل کو ایک ساز ش کے تحت اندھیرے میں رکھاجارہا ہے۔ جبکہ مذکورہ یونین کونسل میں تعینات لائن مین محمدحامد مکمل طورپرغائب ہے اور دوکانوں پر عوام کے بجلی کے بل تھما کرفرضی ریڈنگ ڈال کرچلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی لوڈشیڈنگ کے با وجود عوام اس وقت ہزاروں روپے بل ادا کررہے ہیں۔عوام علاقہ اور تاجران یونین کونسل پاہل مشتاق اعوان،نعمان اعوان، دانیال اعوان، اشرف اعوان، مفاد علی ،نوید اعوان،حنیف اعوان، آصف اعوان، ،توصیف احمد، مبشرالحسن اعوان سمیت دیگر نے کہا کہ اس وقت یونین کونسل پاہل کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھاجارہا ہے ۔ہماری یونین کونسل کے سامنے یونین کونسل چکوٹھی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صرف4گھنٹے ہے جبکہ یونین کونسل پاہل میں اس وقت 18سی20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔ایم ایل اے حلقہ دیوان علی خان چغتائی سمیت ،وزیر برقیات ،سیکرٹری برقیات ،ایکسین برقیات فوری طور پرنوٹس لیتے ہوئے یونین کونسل پاہل میں بجلی کی فراہمی کی یقینی بنائیں ۔