یوم استحصالِ کشمیر پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شاہراہ دستور پر ریلی

بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت ختم کردے گا،اسجاق ڈار

پیر 5 اگست 2024 12:29

یوم استحصالِ کشمیر پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شاہراہ دستور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2024ء) یوم استحصالِ کشمیر پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شاہراہ دستور پر ریلی نکالی گئی۔اس ریلی میں طلبہ، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہیں۔یہ ریلی دفتر خارجہ سے شروع ہوئی اور پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ تک گئی اور ریلی کے شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت ختم کردے گا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق فیصلہ دنیا کو قبول نہیں، شہبازشریف کی حکومت دنیا بھر میں کشمیری عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے غزہ اور کشمیر کا مقدمہ پوری دنیا میں بھرپور طریقے سیاٹھایا، آج سے 5 سال قبل جو کام بھارت نے کیا وہ غیر آئینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمپئن بنتے ہیں جمہوریت کے تو عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت دیں، بھارت کے ناپاک عزائم ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلے۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کا کشمیریوں سے بندھن علاقائی، مذہبی ہے، او آئی سی نے اسلامو فوبیا پر اپنا ایک نمائندہ مقرر کردیا ہے، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور ایک دن ضرور پاکستان میں شامل ہوگا۔

یوم استحصال کشمیر ریلی میں وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام بھی شریک ہوئے۔وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے یوم استحصال کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستانیوں کی بڑی تعداد کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے نکلی ہے، چاروں صوبوں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، کشمیر کو ہر حال میں آزادی ملے گی۔اٴْنہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر مظالم ڈھائے گئے اور ان کی جائیدادوں پر قبضے ہوئے، 5 اگست 2019ء میں بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی۔امیر مقام نے مزید کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلا جائے، پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ تھے اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔