ایس آئی ایف سی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان بزنس فورم

صنعتی بحالی، زرعی شعبے اور آئی ٹی خدمات کو بڑھانے کے لیے جدید پالیسیاں وضع کرنے پر ایس آئی ایف سی حکومت پر زور دے، آمنہ اعوان

بدھ 8 جنوری 2025 04:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء) سینئر نائب صدر پاکستان بزنس فورم آمنہ منور اعوان نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور دنیا کا اعتماد بحال کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ان کوششوں کے نتیجے میں چین، روس اور برازیل نے حال ہی میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اسٹیئرنگ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم اقدام ہے جس نے سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے نقطہ نظر کو نئے سرے سے بیان کیا ہے۔ فیصلہ سازی کے لئے ایک مربوط پلیٹ فارم فراہم کرکے اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے مابین ہموار ہم آہنگی کی سہولت فراہم کرکے ، ایس آئی ایف سی نے پاکستان میں معاشی گورننس اور سرمایہ کاری کی سہولت کے لئے ایک نیا معیار قائم کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایس آئی ایف سی کا بنیادی مشن سرمایہ کاروں کے لیے ایک ون ونڈو حل فراہم کرنا، رکاوٹوں کو دور کرنا اور عمل کو آسان بنانا ہے۔اس اقدام نے بے مثال شفافیت، کارکردگی اور فوری ردعمل کو متعارف کرایا ہے، جو سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور طویل مدتی اقتصادی استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔تاہم، ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک جو طریقہ کار کو آسان بنائے، بیوروکریسی کی رکاوٹوں کو کم کرے اور شفافیت کو بہتر کرے، مزید سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی حکومت پر زور دے کہ وہ صنعتی بحالی، اسمارٹ زرعی شعبے اور آئی ٹی خدمات کو بڑھانے کے لیے جدید پالیسیاں وضع کرے۔آمنہ اعوان نے یہ بھی بتایا کہ ترجیحی شعبوں کو نجی شعبے کو مناسب شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے لیے پیش کیا جانا چاہیے۔ ریاست کا کام مراعات فراہم کرنا اور بیوروکریسی کی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے۔