عوام کی خدمت اولین ترجیح،صوبائی حکومت غریب اور نادار طبقے کو بھر پور انداز میں معاونت فراہم کر رہی ہے، فرح عظیم شاہ

منگل 7 جنوری 2025 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنمااور رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ میر سرفرازبگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں غریب اور نادار طبقے کو بھر پور انداز میں معاونت فراہم کر رہی ہے، شدید سرد ی میں عوا م کو بنیادی سامان فراہم کر کے انہیں ریلیف فراہم کیاجارہا ہے،بلوچستان کی خواتین صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار پر غریب و نادار خواتین میں خیمے، کمبل، ہیٹر، گیس سلنڈر، برتن، رضائیاں و دیگر سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں سریاب کے علاقے کی ترقی پر توجہ نہیں دی گئی ،موجودہ حکومت سریاب کی ترقی بالخصوص خواتین کو مستحکم بنانے اور انہیں معاشرے کی ترقی و خوشحالی کے لئے آگے لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت ہے کہ تنقید نہیں بلکہ اصلاح کرکے عوام کی حالت کو تبدیل کیا جائے ،تمام ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں عوامی فلاح کے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے عوام کی خدمت اولین ترجیح ہے ،ہم بلوچ عوام کو مثبت اور ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ امن و ترقی چاہتے ہیں ،حکومت خواتین اور نوجوانوں کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں ہنہ اوڑک کے علاقے میں امدادی سامان تقسیم کیا جائیگا۔