لاڑکانہ میں میونسپل کارپوریشن کے ریٹائرڈ ملازمین کا پنشن میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگل 7 جنوری 2025 23:30

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2025ء)لاڑکانہ میں میونسپل کارپوریشن کے ریٹائرڈ خواتین اور مرد ملازمین نے اپنے معصوم بچوں کے ساتھ سندھ حکومت کی جانب سے پنشن میں اضافے کی رقم نہ ملنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر احتجاج کرنے والے ریٹائرڈ ملازمین سرجیتا مسیح، بلقیس مسیح، ستارہ، کملا اور پرکاش مسیح نے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ کے چھوٹے ریٹائرڈ ملازمین ہیں اور مختلف اوقات میں اپنی سروس مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ماہ قبل سندھ حکومت نے بلدیاتی محکمے کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا تھا، لیکن گزشتہ دو ماہ سے لاڑکانہ کے میئر انور علی لہر ہمیں پنشن کی اضافی رقم سے محروم رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں ہم کئی بار میئر کے دفتر گئے ہیں، لیکن میئر ہم سے ملنے کو تیار نہیں، جو سراسر ناانصافی ہے۔انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ، بلدیاتی محکمے کے صوبائی وزیر اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر میئر لاڑکانہ سے جواب طلب کیا جائے اور ہمیں پنشن کی اضافی رقم فراہم کرکے انصاف دیا جائے۔