آزادی کا مطالبہ کرنے پر کشمیریوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایاجارہاہے، حریت کانفرنس

منگل 7 جنوری 2025 17:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پربدترین ریاستی دہشت گردی کونشانہ بنارہاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سوپور، گائوکدل، ہندواڑہ اور کپواڑہ قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان شہدا ء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز سمیت بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کو اجاگر کیا ۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں اپنے میڈیا انٹرویوز میں بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی منفرد شناخت پر منظم حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے 5اگست 2019کے بعد سے بھارتی حکومت کی طرف سے کئے گئے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی جن کا مقصد مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریت کواقلیت میں تبدیل کرنا ہے ۔سول سوسائٹی کے ارکان نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیرمیں اسرائیلی طرز کی نوآبادیاتی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کی ثقافتی، لسانی اور مذہبی شناخت کو ختم کر رہی ہے۔

ادھر قابض بھارتی فورسزنے سرینگرسنٹرل جیل میں چھاپے کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کی ۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اورانہیں اشتعال دلانے کیلئے قرآن پاک کے نسخوں کی بے حرمتی کی ۔علمائے دین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی شناخت اور مذہب کو نشانہ بنانے کی بھارت کی مذموم مہم کا حصہ قرار دیا ہے۔

سوپور میں طویل عرصے سے پانی کی عدم فراہمی پر قابض حکام کی بے حسی کے خلاف لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے بارہمولہ سوپور ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ ان کا کہناتھا کہ قابض حکام کشمیریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مکمل طورپر ناکام رہے ہیں ۔ پولیس نے ٹریفک بحال کرنے کے لیے طاقت کاوحشیانہ استعمال کیا۔بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے ضلع ریاسی کے علاقے کٹرا میں قائم سی آر پی ایف کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی ہے جس سے جنوری 2007 سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 617ہو گئی ہے۔