یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد،بیرسٹر سلطان، سردار محمد یعقوب ودیگر کی شرکت

پیر 6 جنوری 2025 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2025ء)وائس آف جسٹس فار کشمیر اور کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام یوم حق خود ارادیت جموں و کشمیر کی مناسبت سے کشمیر ہائوس اسلام آباد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے آزاد جموں وکشمیر کے صدربیرسٹر سلطان محمود چودھری، سابق صدر و وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان، امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد خان، حریت رہنما شیخ عبدالمتین ، سردار ذوالفقار روشن خان اور دیگر نے خطاب کیا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائی زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو یاد دہانی کرانے یہاں جمع ہوئے ہیں کہ جس خطہ کشمیر کے لوگوں سے یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ ان کو رائے شماری کا حق دیا جائے گا وہ کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں اور مسلسل بھاتی افواج کا ظلم سہ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیری لاکھوں قربانیاں پیش کرچکے ہیں لیکن بدقسمتی سے اقوام عالم خواب خرگوش کی گہری نیند سورہے ہیں، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہاہے۔ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری ہمت ہارنے والے نہیں ، وہ ایک دن اپنا حق ضرور حاصل کرکے رہیں گے۔ امریکہ اور یورپ سے ڈاکٹر غلام نبی فائی، لارڈ میئر قربان حسین، امتیاز خان، شعیب ارشد، سردار زبیر خان، سردار ظریف خان اور ذاکر حسین سید بھی ویڈیولنک کے ذریعے تقریب میں شریک ہوئے۔

انہوں نے اپنے خطابات میں کہاکہ کشمیریوں کے عزم و حوصلے کی ہم داد دیتے ہیں اور لازوال قربانیوں اور استقامت پر کشمیری خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ کشمیری بھارتی مظالم کے سامنے جھکے اور نہ تھکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی اور حق خود ارادیت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی محمد قاسم نون نے بذریعہ ٹیلی فون تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا اور پاکستان کی طرف سے بھر پور حمایت کا اعادہ کیا۔ پروفیسر وارث علی، محمد ندیم کھوکھر اور شوکت علی خان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔