اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے تنازعہ کشمیر کو حل کرانے کی اپیل

پیر 6 جنوری 2025 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی ادارے کی منظور شدہ قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر تنازعہ کشمیر کو حل کرائے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ اپیل یوم حق خودارادیت کے سلسلے میںاسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کو پیش کی گئی ایک یادداشت میں کی گئی ہے۔

یادداشت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے ایک وفد نے پیش کی جس میں اقوام متحدہ کے سربراہ کو عالمی ادارے کی جانب سے منظورشدہ قراردادوں میں کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی یاد دہانی کرائی گئی ہے۔یادداشت میں کہا گیا کہ 5جنوری 1949کو اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پاکستان اور بھارت نے ایک انتہائی اہم قرارداد منظور کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے بھارت یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے سوال کا فیصلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے کیا جائے گا ،لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے تنازعہ کشمیرابھی تک حل طلب ہے۔

(جاری ہے)

یاد داشت میںکہا گیا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کی خاموشی سے جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی جاری رکھنے کے لئے بھارت کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔ یادداشت میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونا ناگزیر ہے۔ وفد میں سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، حسن البناء، اور امتیاز وانی شامل تھے۔