اوپن یونیورسٹی بلوچستان، فاٹا اور جی بی کے بچوں کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے ،ڈاکٹر ناصر محمود

اتوار 5 جنوری 2025 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ ادارہ بحیثیت قومی اور میگا یونیورسٹی اپنے اوپر یہ فرض سمجھتی ہے کہ ملک کے پسماندہ ترین علاقوں کے بچوں کی محرومیاں ختم کی جائیں،اِن دور دراز نظر انداز شدہ علاقوں میں تعلیم عام کرکے اِن علاقوں کو اوپر اٹھایا جاسکتا ہے، پسماندہ علاقوں کو اوپر اٹھائے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، اس تناظر میں یونیورسٹی بلوچستان، فاٹا اور گلگت بلتستان کے بچوں کو میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے میٹرک کی مفت تعلیمی پالیسی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔یونیورسٹی کے سمسٹر بہار 2025ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلے جاری ہیں، اِن علاقوں میں رہائش پذیر بچے مفت تعلیم حاصل کرنے کے لئے اپنے اپنے علاقوں میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی کیمپسز سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی نے تعلیمی سفر کا رخ پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی دور دراز پسماندہ ترین علاقوں میں رہائش پذیر بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ ورک کو مزید مستحکم کر ے گی تاکہ اِن نظر انداز شدہ علاقوں میں بھی شہری علاقوں جیسے تعلیمی مواقع فراہم کئے جاسکیں۔