قائدؒ کی زندگی ومیراث قوم کیلئے امید، حوصلے اور لگن کی کرن تھی،یوسف رضا گیلانی

نوجوان تکنیکی ترقی، علم میں نئی مہارتیں تلاش کریں ،زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کیساتھ جمہوری عمل میں اپنا حصہ ڈالیں،چیئرمین سینیٹ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 2 جنوری 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2025ء)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ قائدؒ کی زندگی اور میراث قوم کیلئے امید، حوصلے اور لگن کی کرن تھی،نوجوان تکنیکی ترقی، علم میں نئی مہارتیں تلاش کریں ،زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کیساتھ جمہوری عمل میں اپنا حصہ ڈالیں۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا 148واں یوم پیدائش ’قائد کے بچے‘کے عنوان سے 2جنوری 2025ء کو میریٹ ہوٹل کراچی میں منایا گیا۔

تقریب کی میزبانی چیئرمین یوتھ پارلیمنٹ رضوان جعفر نے کی اور مہمانان خصوصی کے طور پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، معزز صوبائی وزرا ء سید سردار علی شاہ، سعید غنی، یوتھ کے نمائندوں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قائد کی زندگی اور میراث قوم کیلئے امید، حوصلے اور لگن کی کرن تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ صدر پاکستان کی طرف سے یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اس شاندار موقع پر خطاب کرنا جس کا مقصد ایک ایسے شخص کی سالگرہ منانا تھا جس کا عزم ایک خوشحال ملک اور اس کے نوجوانوں کے لیے جدوجہد کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو گزشتہ چند سالوں سے قائداعظمؒ کے یوم پیدائش کی تقریبات کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس کا نام قائد اور بچے ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اس تقریب کے انعقاد کی قیادت کرتے ہیں ۔ انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ کے ممبران کو تقریب کی میزبانی پر مبارکباد پیش کی اور انہیں اس قسم کی صحت مندانہ سرگرمیوں کی میزبانی کرنے کی ترغیب دی اور اس سلسلے میں سینیٹ کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔قائد کی وراثت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس موقع کو یوتھ پارلیمنٹ کے اجتماع سے جوڑنا سب سے مناسب ہے کیونکہ قائداعظم کے وژن کی تعظیم کیلئے نوجوانوں کے ساتھ اس سے بہتر کوئی جگہ یا وقت نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے اپنے سیاسی سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آبا اجداد قرارداد پاکستان پر دستخط کرنے والوں میں شامل تھے اور تب سے ان کا خاندان سیاست میں ملک کی خدمت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر اعظم تھا تو میں نے ان ترامیم کے ذریعے اختیارات و حقوق کی منتقلی کو یقینی بنایا جسے پارلیمنٹ میں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا تھا۔انہوں نے نوجوانوں سے خطاب کیا اور انہیں نوجوانوں کی تبدیلی کی طاقت میں قائد کے گہرے اعتقادات اور بچوں اور ملک کے نوجوانوں سے بڑی امیدوں کے بارے میں یاد دلایا، اس لئے آپ صرف پاکستان کے وارث نہیں ہیں بلکہ اس کی تقدیر کے فعال معمار ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تکنیکی ترقی، علم میں نئی مہارتیں تلاش کریں اور زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کے ساتھ ساتھ جمہوری عمل میں اپنا حصہ ڈالیں۔چیئرمین یوتھ پارلیمنٹ رضوان جعفر نے اجتماع کے انعقاد اور نوجوانوں کی ہر طرح سے مدد کرنے پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد علی شیخ، عاطف اقبال، عبدالعلیم لاشاری، منیر احمد ملک ایڈووکیٹ، محمد احمد شاہ، سید علی عباس عابدی، ڈاکٹر ہما بقائی، شاہد فیروز، ایم حسن بخشی، مولانا بشیر فاروق قادری بھی موجود تھے۔

ظفر عباس، حاجی حنیف پردیسی، ایم حنیف گوہر، ایم حنیف خان، شیخ امتیاز حسین، ڈاکٹر عبدالباری خان، ایم فیض قدوائی، ایم رضوان ادھیا، جاوید بلوانی، کمانڈر ایم ذاکر، آصف شیخ جاوید، اقبال یوسف شیخ، محمد جنید، ناصر رضا زیدی، منصب ابرار، فہد شفیق، سدرہ قمر، فہد احسن۔ بابر عباسی، ملک عاطف جاوید اعوان، ایم عدنان، ایم علی شیخ، احسن مہانتی، شاہ زیب رئیس، آصف موسی نے بھی شرکت کی۔