کرپشن نے ہمارے معاشرے کو طویل عرصے سے کئی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ، گورنربلوچستان کا نیب کے زیرِ اہتمام سیمینار سے خطاب

بدھ 4 دسمبر 2024 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2024ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کرپشن نے ہمارے معاشرے کو طویل عرصے سے کئی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اور اس ناسور نے ہماری روزمرہ زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے، یہ حقیقت ہے کہ کرپشن کا مکمل خاتمہ کئے بغیر نہ تو کوئی ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ ہی عوام کوان کو حقوق پہنچا سکتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے قومی احتساب بیورو کے زیرِ اہتمام بیوٹمز یونیورسٹی میں ایک روزہ سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو نعمان اسلم، وائس چانسلر ڈاکٹر حفیظ شیخ، وائس چانسلر و یمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، سابق جسٹس مہتا کیلاش ناتھ کوہلی، سابق چیف سیکرٹری منیر احمد باندینی اور ڈائریکٹر جنرل نور کھتران سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور یونیورسٹیوں اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمارے ہاں کرپشن کے خاتمے اور انصاف کا بول بالا کرنے کےلئے حکومت اور قومی احتساب بیورو کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔معاشرے کو سدھارنے کیلئے نوجوانوں کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں موجود دیانتدار، ماہرین اور محققین کے علم وتجربہ سے بھی بھرپور استفادہ کرنا اشد ضروری ہے۔

گورنر نے کہا کہ کرپشن کے ناسور سے چھٹکارا پانے کیلئے دونوں حکومتی اور انفرادی سطح پر کیا اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔اس ضمن میں انسداد بدعنوانی کا عالمی دن درحقیقت ہم سب کیلئے تجدید عہد کا دن ہے۔اس دن کی مناسبت سے آج ہمیں بدعنوانی کے خلاف یہ تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہمیں اپنی صفوں سے کرپٹ عناصر کو الگ کر کے ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی سچی بنیادیں استوار کریں گے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بلاامتیاز بدعنوانی کے خلاف ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے تاکہ اختیارات سے تجاوز اور سرکاری خزانہ اور وسائل کو ذاتی فائدے کیلئے استعمال کی روک تھام ممکن ہو سکے ۔قبل ازیں گورنر بلوچستان کی قیادت میں انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے ایک ریلی نکالی گئی۔آخر میں گورنر بلوچستان نے بدعنوانی کے خلاف منعقدہ سیمینار کے مہمانانِ ، منتظمین اور مقررین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔