جماعت اسلامی سکھر کے وفد کی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے محمد یوسف اعوان سے ملاقات ، کامیابی پر مبارکباد

اتوار 24 نومبر 2024 17:30

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2024ء) جماعت اسلامی سکھر کے وفد نے امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر زبیر حفیظ شیخ کی قیادت میں تھائی لینڈ میں ہونے والی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے والے محمد یوسف اعوان سے ملاقات کی اور انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی، وفد میں نائب امراء ضلع عبد الحلیم تنیو، سلطان احمد لاشاری اور منصور احمد شیخ شامل تھے، اس موقع پر محمد یوسف اعوان کی محنت، لگن اور کامیابیوں سراہتے ہوئے انہیں سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور جماعت اسلامی کا مشہور تحفہ ترجمان القرآن پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفد نے ان کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اعوان نہ صرف سکھر بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے، امیر جماعت اسلامی زبیر حفیظ شیخ نے کہا کے محمد یوسف اعوان نے اپنی محنت سے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کا نام روشن کیا ہے۔ ان کی یہ کامیابی پاکستان کے مثبت پہلو کو دنیا کے سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ محمد یوسف اعوان نے جماعت اسلامی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ محبت اور عزت انہیں مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گی۔