جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ بھر میں دریا بچاؤ کمیٹی کے تحت احتجاجی مظاہروں میں شرکت

سندھ کے پانی پر ڈاکہ زنی اور چھ نئے کینال نکالنے کی سازش میں حکمران جماعت پیپلزپارٹی بھی شریک ہے،سندھ کے عوام کی شدید مخالفت کے باوجود دریائے سندھ پر نئے کینال نکالنے کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے، کاشف سعید شیخ

اتوار 17 نومبر 2024 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی پر ڈاکہ زنی اور چھ نئے کینال نکالنے کی سازش میں حکمران جماعت پیپلزپارٹی بھی برابر کی شریک ہے،سندھ کے عوام کی شدید مخالفت کے باوجود دریائے سندھ پر نئے کینال نکالنے کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے، جس سے خود کراچی بھی سخت متاثر ہوگا پہلے ہی کراچی کے عوام پانی کے لیے سخت پریشان اور ٹینکرز مافیاز کے رحم و کرم پر ہیں،سندھ کے غیرت مند عوام پانی سمیت سندھ کے وسائل پر کبھی سودیبازی نہیں کرنے دینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں دریا بچاؤ کمیٹی کے تحت ذوالفقار باغ سے پریس کلب تک منعقدہ احتجاجی مظاھرے سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جی ڈی اے کے رہنما ڈاکٹر صفدر عباسی، سندھ ہائے کورٹ بار لاڑکانہ کے سابق صدر محمد عاشق دھامراہ ودیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثنا جماعت اسلامی کے تحت کندھ کوٹ میں صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری امداد اللہ بجارانی،غلام مصطفیٰ میرانی، ابوبکر سومرو جیکب آباد، سرور احمد قریشی نواب شاہ، ڈاکٹر امتیاز شیخ، ابراہیم دایو شہدادکوٹ، مرتضیٰ بھٹودادو، علامہ حزب اللہ جکھرو، زبیر حفیظ شیخ سکھر،رفیق منصوری،ظہیرالدین جتوئی شہدادپور،طاہر مجید ،عبدالوحید قریشی حیدرآباد،حاجی نورالاہی مغل میرپورخاص،پیر مسلم جان سرہندی، عبدالوحید قریشی ٹنڈومحمد خان جبکہ سلیم منصوری نے گولارچی میں احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔