منعم ظفر نے لیاقت آباد سی ایریا میں پارک و ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا

پارک کی بحالی وماڈل اسٹریٹ کی تعمیر ٹائون چیئر مین فراز حسیب اور ان کی ٹیم کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔علاقہ مکینوں کا اظہار تشکر عوام اسرائیلی جارحیت کے خلاف 6اکتوبر کو الاقصیٰ ملین مارچ میں بھر پور شرکت کریں ،منعم ظفر کا ممبر شپ کیمپ کا دورہ و خطاب 10 مہینے میں لیاقت آباد آگے بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے ہم نے مثالی ترقیاتی کام کیے، ٹائون چیئر مین فراز حسیب کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 اکتوبر 2024 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2024ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹائون چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب ،وائس چیئرمین اسحاق تیموری،کے ہمراہ یونین کمیٹی نمبر07 سی ایریا میں ٹیپو سلطان پارک اور سید شہاب الدین ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کیا۔سید شہاب الدین نعمت اللہ خان کے دور میں نائب ناظم لیاقت آباد ٹائون تھے جبکہ موجودہ یوسی چیئر مین تھے جن کا چند ماہ قبل انتقال ہو گیا ۔

پارک کی بحالی وماڈل اسٹریٹ کی تعمیر ٹائون چیئر مین اور ان کی ٹیم کی کوششوں کے باعث ممکن ہوئی۔علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوںو عوامی خدمت کو سراہا اور تشکر کا اظہار کیا ۔ علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے ’’ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان ‘‘ اورجماعت اسلامی کی ’’ممبر شپ مہم‘‘ کے سلسلے میں الکرم اسکوائر لیاقت آباد پر قائم کیمپ کا بھی دورہ کیا اور عوام کو ممبر بنایا،منعم ظفر نے کیمپ پر موجود کارکنوں اور علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کو روکنے کے لیے پوری امت کو متحد بالخصوص ہمارے حکمرانوں کو بزدلی ترک کرکے اسرائیل کے خلاف مشترکہ طور پر راست اقدام کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

عوام کے اندر اسرائیل کے حوالے سے کوی ابہام نہیں ، عوام اسرائیل کے خلاف ہیں ، حکمرانوں پر عوامی دبائو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جماعت اسلامی کے تحت اتوار 6اکتوبر کو 3بجے دن شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخی ’’الاقصیٰ ملین مارچ ‘‘ منعقد ہوگا ، اہل کراچی اپنی فیملی کے ہمراہ جوق در جوق شریک ہوں اور پوری دنیا کو اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کا پیغام دیں ۔

پارک و ماڈل اسٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں لیاقت آباد کے لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ،ہم لیاقت آباد ٹائون کے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ 10 مہینے میں ہمارے نوجوان ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب اور ان کی ٹیم نے لیاقت آباد ٹاون میں مثالی ترقیاتی کام کرکے ثابت کر دیا ہے کہ ہم نے دعوے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد و تعاون سے کام کر کے دکھایا۔

لیاقت وہ علاقہ ہے جوپورے شہر کو لیڈ کرتا تھا اور لیاقت آباد سے ہی قومی و سیاسی تحریکیں آ گے بڑھتی تھیں لیکن اسے اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ۔ اختیارات اور فنڈز کی کمی کے باوجود جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں سے لیاقت آباد ایک بار پھر روشن ہو رہا ہے۔ہم نے 10 مہینے میں اختیارات کا رونا نہیں رویا9ٹائون اور 87یوسیز میں اختیارات سے بڑھ کر عوامی خدمت کا فریضہ ہم نے سرانجام دیا ہے، عوام کی خدمت ہمارا ورثہ ہے ، ہمارے بزرگوں نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی نے عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کی مثالیں قائم کی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ مل کر ظالم کو حکمرانوں سے عوام کاحق چھین کر لیں گے۔ جماعت اسلامی عوامی جدوجہداور مزاحمت کے ذریعے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی ۔ کراچی کے وسائل پر کسی کو بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے ،ٹائون چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاقت آباد کے عوام نے ہم پر اعتماد کیا آج صرف 10 مہینے میں لیاقت آباد آگے بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے ہم نے ترقیاتی کام کیے ،پارکس بنائے ،اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے ۔

ترقی کا جو سفر شروع کیا گیا ہے وہ جاری رہے گا ۔ آنے والا وقت بھی عوام کی خدمت اور تعمیر و ترقی کا وقت ہے۔ اس موقع پر فراز حسیب نے لیاقت آباد ٹائون کے سابقہ نائب ناظم سید شہاب الدین کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی اور ان کی خدمات کو سراہا، فراز حسیب نے یو سی پینل کے افراد اور اہل محلہ اور ان سب کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے ٹائون انتظامیہ کے ساتھ ٹیپو سلطان پارک اور سیدشہاب الدین ماڈل اسٹریٹ بنانے میں تعاون کیا۔

اس موقع پر لیاقت آباد ٹائون کے کو آرڈی نیٹر صغیر احمد انصاری، مختلف یوسی چیئرمین منتخب بلدیاتی نمائندے، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ ناصر، ڈائریکٹر انفارمیشن فہیم مصطفی اور دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے، جبکہ ممبر شپ کیمپ پر نائب امیر کراچی انجینئر سلیم اظہر ،ناظم علاقہ مسعود علی اور جماعت کے دیگر ذمہ داران وکارکنان موجود تھے۔