حج کرنے کیلئے 21 لاکھ روپے تک کی رقم درکار

وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2025 کے تحت نجی حج اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2025 19:48

حج کرنے کیلئے 21 لاکھ روپے تک کی رقم درکار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2025ء) حج کرنے کیلئے 21 لاکھ روپے تک کی رقم درکار، وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2025 کے تحت نجی حج اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ 3 سالوں کے دوران پاکستانیوں کیلئے حج اخراجات میں ہوشربا اضافہ ہو گیا، رواں سال نجی طور پر حج کرنے والے پاکستانیوں کو 2 ملین سے زائد تک کی رقم ادا کرنا ہو گی۔

وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نجی حج منظم کمپنیوں اور ذیلی کمپنیوں کو بکنگ کی اجازت دے دی اور نجی عازمین حج کے پیکیج کی تفصیلات بھی جاری کردی۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ نجی حج اسکیم کی بکنگ 10 جنوری تا 31 جنوری 2025 جاری رہے گی، نجی حج اسکیم کے مختلف حج پیکیج وزارت کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نجی اسکیم کے بنیادی حج پیکیج پونے 11 لاکھ سے ساڑھے 21 لاکھ کے درمیان رکھے گئے ہیں اورحج منظم کمپنیاں سہولت کی فراہمی کے معاہدے ایس پی اے کے مطابق پرائیویٹ عازمین حج کی بکنگ کریں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اضافی سہولیات کے باعث 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج "حج پالیسی فامولیشن کمیٹی" سے منظور کروانا ہوگا، حج منظم کو 30 لاکھ سے زائد حج پیکیج کی منظوری کے وقت مکمل تفصیل فراہم کرنا لازمی ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 ملین سے زائد حج پیکیج بیچنے اور خریدنے والوں کے کوائف ایف بی آر اور متعلقہ اداروں کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ نجی عازمینِ حج بکنگ کرواتے وقت وزارت کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ "پاک حج" سے لازمی تصدیق کر لیں، پیسوں کا لین دین صرف کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے کریں اور سہولیات کا معاہدہ لازمی طلب کریں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ نجی عازمین حج بکنگ کرواتے وقت حج پیکیج کی سہولیات کو اچھی طرح سمجھ لیں۔