اب تدفین کیلئے بھی ٹیکس دینا ہو گا

پیپلز پارٹی کے میئر کراچی نے تدفین کے لیے 14 ہزار روپے سے زائد فیس مقرر کر دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2025 20:05

اب تدفین کیلئے بھی ٹیکس دینا ہو گا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2025ء) اب تدفین کیلئے بھی ٹیکس دینا ہو گا، پیپلز پارٹی کے میئر کراچی نے تدفین کے لیے 14 ہزار روپے سے زائد فیس مقرر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں رہنے والوں پر پیپلز پارٹی کی مقامی حکومت کی جانب سے ایک نیا ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام قبرستانوں میں کے ایم سی کے بائی لاز اور تدفین کے لئے مقررہ نرخ پر عملدرآمد کا آغاز کردیا ہے، کے ایم سی کے رجسٹرڈ قبرستانوں میںتدفین کے لیے 14300 روپے کا نرخ مقرر کیا گیا ہے اور تمام قبرستانوں میں مقررہ نرخ کے بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، شہری قبرستان میں تدفین کے لیے 14300 روپے سے زائدادا نہ کریں،اس رقم میں زمین، قبر کی کھدائی، بلاکس سے چنائی، سلیپ اور تدفین کے تمام امور شامل ہیں، زائد رقم وصول کرنے والوں کے خلاف شکایت 1339 پر درج کرائی جائے جس پر فوری سخت کارروائی کی جائے گی، اس اقدام کا مقصد کراچی کے شہریوں کو ان کے لواحقین کی تدفین میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کے ایم سی کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں کام کرنے والے تمام افراد کو متعلقہ بائی لاز اور مقررہ نرخ کے تحت کام کرنے کا پابند بنایا گیا ہے،اس کے علاوہ قبروں کو مسمار کرنے والی مافیا کے خلاف بھی فیصلہ کن کارروائی شروع کردی ہے،کسی بھی شخص کو کے ایم سی کی رجسٹریشن کے بغیر قبرستان میں کام کرنے کی اجازت نہیں ہے اور اس کی خلاف ورزی پر متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی، انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹر قبرستان کے ایم سی کو تمام قبرستانوں کا دورہ کرنے اور احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کردی ہے، شہر مختلف قبرستانوں میں مافیا کے کارندے شہریوں سے ان کے لواحقین کی تدفین کے لئے اضافی رقم وصول کر رہے تھے جبکہ قبروں کو مسمار کرنے کی شکایات بھی سامنے آرہی تھیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ ان کاموں میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کو بلدیاتی خدمات کی فراہمی شہری اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے ، خاندان میں اموات کی صورت میں لواحقین کی تدفین پر اٹھنے والے اخراجات اور دیگر مسائل بھی شہر کا ایک اہم مسئلہ ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی جہاں شہر کے انفراسٹرکچر کو ترقی دے رہی ہے وہیں ان بنیادی مسائل پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں سہولت فراہم کی جاسکے، کے ایم سی کے زیر انتظام قبرستانوں کے لئے بنائے گئے بائی لاز کا مقصد قبرستانوں سے متعلق تمام معاملات کو درست خطوط پر استوار کرنا ہے لہٰذا اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام چیزوں کو قواعد و ضوابط کے دائرہ کار میں لایا جائے گا، انہوں نے شہریوں سے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے رجسٹرڈ قبرستانوں میں اپنے لواحقین کی تدفین کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات پر فوری کارروائی کے لئے کمپلین نمبر 1339 سے رجوع کریں جہاں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا عملہ ان کی داد رسی کے لئے موجود رہے گا۔