Live Updates

چینی، گھی، کوکنگ آئل، سبزیوں سمیت بیشتر اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی، ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2025 19:31

چینی، گھی، کوکنگ آئل، سبزیوں سمیت بیشتر اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2025ء) چینی، گھی، کوکنگ آئل، سبزیوں سمیت بیشتر اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کے حوالے سے اعداد و شماری پر مبنی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مونگ 2.56 فیصد مہنگی ہوئی۔ پانچ لیٹر کوکنگ آئل 1.56 فی صد، چینی 1.23 فی صد، گھی، بریڈ، لہسن، جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیادوں پر 1.90 فیصد پر آگئی ہے اور ایک ہفتے کے دوران 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی جب کہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 31.40 فیصد کم ہوئی، اسی طرح آلو 10.36 فیصد سستے ہوئے۔ ایک ہفتے میں انڈے 5.96 فیصد اور دال چنا 1.64 فیصد سستی ہوئی۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران پیاز، چاول، دال ماش کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کے مہنگائی کم ہونے کے دعووں کے برعکس، مارکیٹ میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران ملک مین چکن کی قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا، جبکہ سبزیوں کی قیمتیں بھی بے قابو ہیں۔ اس کے علاوہ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔
مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات