ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی زیرصدارت خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ ویمن کاکس کا اجلاس

بدھ 28 اگست 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2024ء) پارلیمنٹ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ ویمن کاکس نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کی جانب سے ایک خاتون افسر کے لباس پر نامناسب ریمارکس دینے کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور فیصلہ کیا کہ ایسے نامناسب رویے کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لائی جائے گی۔

بدھ کو کاکس کا اجلاس سیکرٹری ویمن کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے رکن قومی اسمبلی کے ایک خاتون کے لباس کے حوالے سے نامناسب ریمارکس پر پارلیمنٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس مسئلہ پر تفصیل سے بحث کی گئی۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ اس قرارداد میں مرد اراکین کو بھی شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کا بھی جائزہ لیا گیا جن میں صحت، تعلیم، میڈیا و آئی ٹی، قانون سازی کی جانچ پڑتال، کھیل اور ثقافت شامل ہیں۔مزید برآں عورت فائونڈیشن کے وفد نے منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور "پاکستان میں تمباکو کے استعمال میں کمی لانے کے لیے اراکین پارلیمنٹ کے کردار کو مضبوط کرنے" کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس مسئلے پر تفصیلی گفتگو کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا، سماجی اداروں اور حکومتی محکموں سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز کو اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔

اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی شاہدہ بیگم، شائستہ پرویز ملک، آسیہ ناز تنولی، مہتاب اکبر راشدی، شائستہ خان، سیدہ شہلا رضا، رعنا انصر، عائشہ نظیر، سبحین غوری، نگہت شکیل، نفیسہ شاہ، مسرت رفیق، ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، سینیٹر فلک ناز، سینیٹر حسنہ بانو، سینیٹر راحت جمالی، سینیٹر زرقا تیمور اور عورت فائونڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔