راجن پور،34 سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ڈاکو جاوید عرف جاویدی چانڈیوپولیس مقابلہ میں ہلاک ہوگیا

منگل 9 جولائی 2024 19:20

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2024ء) راجن پور میں پولیس مقابلہ میں بدنام زمانہ ڈکیت جاوید عرف جاویدی چانڈیو ہلاک ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجنپور کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کھوسہ نے "اے پی پی" کوبتایا کہ جامپور کے نواحی علاقہ ٹبہ چانڈیہ کا رہائشی جاوید عرف جاویدی چانڈیہ نے دریائی کچے کے علاقوں اور مختلف شہروں میں سنگین وارداتوں کے زریعے دہشت اور وہشت کی علامت بن چکاتھا اور پولیس کو قتل، ڈکیتی،رابری، بھتہ خوری، اور پولیس ملازمان کے قتل میں مطلوب تھا۔

پولیس کی جانب سے انفارمیشن پر بسلسلہ گرفتاری مطلوب ملزمان تھانہ صدر جام پور کے لیئے ریڈ کیا گیا، ملزمان کی جانب سے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس پر پولیس کی جانب سے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی گئی، تھانہ صدر جام پور کی حدود علاقہ رستم لغاری میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے دوران بدنام زمانہ ڈکیت جاوید عرف جاویدی چانڈیہ ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ملزم کے قبضہ سے اسلحہ ناجائز کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔ ڈی پی او نے بتایاکہ جاوید عرف جاویدی چانڈیہ وارداتیں کرکے دریائے کچے کے علاقوں میں جنگلی گھاتوں میں چھپ جاتا تھا، متعدد بار پولیس مقابلے میں بھی ملوث تھا جبکہ پولیس ملازمین کے قتل میں ملوث تھا۔ڈی پی او نے کہاکہ جاوید عرف جاویدی چانڈیہ کے سہولت کاروں کے گرد بھی گھیرا تنگ کیا جارہاہے جنہیں جلد گرفتار کرلیں گے۔\378