اسکیم 33کی مختلف سوسائٹیوں کوپانی کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں ،آصف خان

منگل 7 مئی 2024 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات و کنوینر ضلع شرقی محمد آصف خان نے این اے 235 اسکیم 33 کی مختلف سوسائٹیوں سے تعلق رکھنے والے علاقہ معززین کے ہمراہ سی او او واٹر بورڈ انجینئر اسداللہ خان سے ملاقات کی اور پانی و سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کرائے۔

آصف خان کا کہنا تھا کہ اسکیم 33 کی مختلف سوسائٹیوں کوپانی کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ عوام کو درپیش بنیادی نوعیت کا یہ مسئلہ کم سے کم وقت میں حل ہوسکے، پینے کے پانی کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ حکام جامع پلان بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پانی کی سپلائی سکیموں کے لیے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی تاکہ تمام جاری منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مکمل ہوں واٹر سپلائی اسکیم کے مجوزہ منصوبوں کو فوری منظوری کیلئے متعلقہ فورم کو بھیجا جائے۔

(جاری ہے)

اسکیم 33 کی مختلف سوسائٹیزکے معززین پرمشتمل وفد نے فراہمی آب کے مختلف مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے مثر اقدامات کیے جائیں،سی او او واٹر بورڈ نے آصف خان کی قیادت میں ملنے والے وفد کو ملاقات دوران پیش کردہ فراہمی و نکاسی آب سے متعلق تمام شکایات کے فوری حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پانی کی فراہمی کا کام جلد از جلد شروع کردیا جائے گا۔

آصف خان نے کہاکہ پانی کا مسئلہ ہر مسئلے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے اس کی اہمیت کو سب اچھی طرح سمجھتے ہیں مگر اقدامات ہمیشہ سے پیپلز پارٹی نے اٹھائے ہیں آئندہ بھی اٹھائے گی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہر علاقے میں دینا میرا عزم ہے اس کیلئے رفتہ رفتہ ایسے انتظام کر رہے ہیں کہ لوگوں کو جو پانی کی اسکیم دیں وہ زیادہ وقت تک کارآمد رہے، پائیدار ترقی کے اہداف میں عوام کو دیگر بنیادی سہولیات سمیت پانی کی فراہمی یقینی بنانا شامل ہے۔