ہر صوبے کو آئین کے مطابق حق اور خودمختاری دینے سے وفاق مضبوط ہوگا‘لیاقت بلوچ

تمام ادارے آئینی حدود کے پابند ہوجائیں تو ملک میں غیر اعلانیہ انارکی کا خاتمہ ہوجائے گا‘ نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 3 مئی 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے سکھر میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں حزب اللہ جھکڑو، زبیر حفیظ شیخ، سلطان لاشاری، سجاد بھٹو اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبدالعزیز میمن کے ساتھ ملاقات کی اور سندھ کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پورا سندھ بدامنی، سٹریٹ کرائمز، ڈاکو راج، عام بیگناہ انسانوں، تاجروں کے اغواء برائے تاوان کی زد میں ہے، سندھ حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، سندھ کی عوام کو جان و مال، عزت کا تحفظ حاصل نہیں، گندم کے کاشتکار تباہ ہوگئے، کسان کو سرکاری ریٹ نہیں مل رہا اور زور زبردستی بہت ہی کم ریٹ پر گندم چھینی جارہی ہے، سرکاری خریداری میں حکومت اور انتظامیہ اپنے من پسند لوگوں کو نواز رہی ہے، سندھ میں تعلیم، صحت، بلدیاتی نظام بری طرح تباہ کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کی نوجوان نسل کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت تباہ کیا جارہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری بھٹو سندھ، بلوچستان اور وفاق میں حکمرانی انجوائے کررہے ہیں لیکن عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کے تمام صوبوں کی خوشحالی چاہتی ہے، ہر صوبے کو آئین کے مطابق حق اور خودمختاری دینے سے وفاق مضبوط ہوگا، تمام ادارے آئینی حدود کے پابند ہوجائیں تو ملک میں غیر اعلانیہ انارکی کا خاتمہ ہوجائے گا، سندھ سے نکلنے والی قدرتی گیس، تیل اور معدنیات پر پہلا حق سندھ کے عوام کا ہے، بلدیاتی نظام کو مستحکم اور مفید بنانے کے لیے صوبائی فنانس کمیشن کے ذریعے تمام اضلاع کو وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے، تھرکول منصوبہ صرف صوبائی نہیں قومی منصوبہ ہے، اِسے مکمل کرکے سندھ میں عام آدمی کی زندگی اور تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو کچراکنڈی، کرپٹ مافیا اور ظالم وڈیروں کے زیر اثر پولیس کے ظلم و ستم سے نجات دلانا عوام کا بنیادی انسانی حق ہے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں دھونس دھاندلی، زور زبردستی سے بلدیاتی اداروں پر قبضہ تو کرلیا لیکن کراچی سمیت پورے سندھ کا بلدیاتی نظام مفلوج ہے۔ مرادعلی شاہ بھٹو، زرداری خاندان کے سامنے بے بس، لاچار اور مفلوج وزیر اعلیٰ ہیں، ان کا یہ تیسرا دورِ وزارتِ اعلیٰ بھی سندھ کے عوام پر بہت بڑا بوجھ بنتا جارہا ہے۔