سید مصطفی کمال کا بلدیہ ٹاؤن کا دورہ،مختلف برادریوں سے ملاقات عام انتخابات میں ایم کیو ایم کو ووٹ ڈالنے پر شکریہ

اتوار 25 فروری 2024 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر و نو منتخب ایم این اے 242 سید مصطفی کمال نے اپنے حلقہ بلدیہ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔سید مصطفی کمال نے دورہ کے دوران بلدیہ ٹاؤن کے عوام اور مختلف برادریوں سے ملاقاتیں کیں اور عام انتخابات میں ایم کیو ایم کو ووٹ ڈالنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر بلدیہ ٹاؤن کے عوام نے سید مصطفی کمال کو جیت کی مبارکباد پیش کی اور بلدیہ میں موجود مسائل سے آگاہ کیا۔سید مصطفی کمال نے عوام کے مسائل سنے کے بعد کہا کہ ایم کیو ایم کو بلدیہ ٹاؤن سمیت کراچی کے ہر ایک مسلے کا بخوبی اندازہ ہے کیونکہ ہم انہیں گلیوں میں پلے بڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے یہاں پانی کا مسئلہ ہے، نکاسی آب کا نظام تباہ ہے، ان سب مسائل کا حل ہمارے تین نکاتی ایجنڈے میں موجود ہے جس سے ہم نے پاکستان کی نئی بننے والی حکومت کو آگاہ کردیا ہے اور اس پر ہم کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے کیونکہ ایم کیو ایم کے تین نکاتی ایجنڈے سے صرف کراچی بلدیہ ٹاؤن ہی نہیں پورا پاکستان مستفید اور بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے عوام کے درمیان موجود ہیں اور ہر ممکن کوشش کریں گے اور شہر کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔