دھاندلی کے باوجود ملکی مفاد میں کراچی کے انتخابی نتائج کوقبول کیا،آصف خان

این اے 235 سمیت کراچی کے کئی انتخابی حلقے کھل جائیں تونتیجہ پیپلزپارٹی کے حق میں ہوگا،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی کراچی

اتوار 18 فروری 2024 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2024ء) پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات،کنوینرضلع شرقی آصف خان نے کہاہے کہ دھاندلی کے باوجود ملکی مفاد میں کراچی کے انتخابی نتائج کوقبول کیا،این اے 235 سمیت کراچی کے کئی انتخابی حلقے کھل جائیں تونتیجہ پیپلزپارٹی کے حق میں ہوگا،این اے 235میں فتح چھیننے کے ثبوت قانونی فورم پرپیش کردیے ہیں پی ایس 97 کی دوبارہ گنتی میں پارٹی امیدواربشیربروہی کی کامیابی یقینی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے رابطہ دفترمیں پیپلزپارٹی کراچی شرقی کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپیپلزپارٹی رہنما حاکم علی جسکانی دیگربھی موجود تھے۔عام انتخابات میں کراچی کے مختلف حلقوں باالخصوص این اے 235اورپی ایس 98،99 میں مبینہ انتخابی دھاندلی اورانتخابی نتائج تبدیل کرنے سے متعلق پارٹی ورکرزکے تحفظات پرآصف خان نے کہاکہ انتخابی نتائج چھیننے کے خلاف کارکنان سڑکوں پرآنا چاہتے تھے مگرقیادت کے حکم پرقانونی راستہ اختیارکیا اورانتخابی نتائج کوچیلنج کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود این اے 235کا انتخابی نتیجہ جاری کرنا معنی خیز ہے۔آصف خان نے کہاکہ این اے 235میں فتح چھیننے کے ثبوت ہرفورم پرپیش کردیے ہیں،بعض کارکنان نے اپنے طورپردھاندلی سے متعلق ثبوتوں کے ساتھ بین الاقوامی مبصرین تک رسائی کی ہے جس پرمختلف فورم نے کراچی کے انتخابی نتائج تبدیل کرنے پرحیرانگی کا اظہارکیا ہے،جس فورم پرمزید ثبوت طلب کیے جائیں گے ہماری قانونی ٹیم ثبوت پیش کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ انتخابی نتائج چھیننے والے عوامی خدمت سے نہیں روک سکتے،عوامی مسائل کے حل کے لیے آج بھی اپنے حلقہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما حاکم علی جسکانی نے کہاکہ اپنے حلقہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے عوام کی خدمت کے لیے ہمارے دفاترکھلے ہوئے ہیں،سندھ میں پیپلزپارٹی حکومت تشکیل پاتے ہی ترقی کے نئے دورکا آغازہوگا،حلقہ کے عوام کوپہلے کبھی تنہا چھوڑا ہے نہ آئندہ چھوڑیں گے۔