سندھ حکومت کی تشکیل کے بعد بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی کی ترقی کا سفردوبارہ شروع کریں گے،آصف خان

ہفتہ 17 فروری 2024 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات،کنوینئیرضلع شرقی آصف خان نے کہاہے کہ سندھ حکومت کی تشکیل کے بعد بلاول بھٹو کی قیادت میں کراچی کی ترقی کا سفردوبارہ شروع کریں گے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 235کے رابطہ دفترمیں سولنگی ینگ ویلفیئرایسوسی ایشن کے چئیرمین منظورسولنگی سے ملاقات اورعام انتخابات کے موقع پرپولنگ ایجنٹ کے طورپرخدمات کے دوران مخالفین کے حملہ میں زخمی ہونے والی سائرہ سجاد سے ان کی رہائشگاہ پرملاقات کے موقع پرکیا۔

پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواراین اے 235 آصف خان،امیدوارپی ایس 98 حاکم خان جسکانی نے سائرہ سجاد کی رہائشگاہ پرجاکران کی خیریت دریافت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسرورخان غازی،عبدالحق دیگررہنما بھی موجود تھے۔ آصف خان نے کہاکہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے عام انتخابات میں ملک گیرکامیابی حاصل کی ہے،کراچی کے انتخابی نتائج پرچیئرمین بلاول بھٹو نے جن تحفظات کااظہارکیا ہے وہ کراچی کے کارکنان کی دل کی آوازہیں،مخالفین بھی اس کا برملااعتراف کررہے ہیں کہ کراچی انتخابات میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے تھا مگرکراچی کا مینڈیٹ جس طرح چوری کیا گیا اس پرجیتنے والے بھی متعجب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے انتخابی نتائج سے متعلق پارٹی قیادت جوفیصلہ کرے گی اس پرعمل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ این اے 235 میں مسلح افراد کی جانب سے انتخابی عمل ہائی جیک کرنے کے خلاف سائرہ سجاد سمیت خواتین کارکنان اورپارٹی ورکرز نے جان کی پروا نہ کرتے ہوئے مزاحمت کی مگراس کے باوجود پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ چوری کرکے کراچی کسی اورکے حوالے کردیا گیا۔انہوں نے کہاکہ انتخابی نتائج کی پروا کیے بغیراپنے حلقہ انتخاب سمیت کراچی میں ترقی کا سفربلاول بھٹو کی قیادت میں جاری رہے گا،سندھ حکومت کی تشکیل کے بعد کراچی میں ترقی کا عمل دوبارہ شروع ہوگا،عوامی مسائل کے حل کے لیے یوسی سطح تک جائیں گے۔