Live Updates

عمران خان کو ریڈ لائن کہنے والے آج منظر سے غائب ہو چکے ہیں، سابق وزیراعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ

ہفتہ 22 جولائی 2023 16:41

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2023ء) سابق وزیر اعلی پنجاب اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار دوست محمد خان کھوسہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو اپنی ریڈ لائن کہنے والے آج منظر سے غائب ہو چکے ہیں، بلوچستان کے بارڈر سے پنجاب میں ایرانی پٹرولیم کی مصنوعات سمگل کی جا رہی ہیں، ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے سخت اقدامات کرے،میرے خلاف ایک منصوبے کے تحت مقدمات قائم کرنے کوشش کی جارہی ہے،ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کھوسہ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ جب عمران خان برسر اقتدار آئے تو ہم نے ان پر تنقید نہیں کی اور ڈیلور کرنے کا موقع دیا مگر پھر وقت نے ثابت کر دیا کہ عمران خان ڈیلور نہیں کر پائے اور آج وہ لوگ کہاں گئے جو کہتے تھے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے ورکرز کو چھوڑ کر چھپ گئے ہیں اور یہاں ان کو سپورٹ کرنے والے بیچارے خوار ہو رہے ہیں۔سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان کے بارڈرز سے پنجاب میں ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ جاری ہے اور یہاں کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے،میں انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں وہ اس غیرقانونی سمگلنگ کو روکیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ افراد کی خواہش پر مجھ پر اراضی کی خریدوفروخت کے حوالے سے جھوٹا مقدمہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں کہا کہ میں نے 247 کنال اراضی خریدی تھی جس میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے تھے اور اس کا ریکارڈ ضلعی انتظامیہ کے پاس موجود ہے مگر کچھ افراد کی خواہش پر میرے خلاف بلا جواز مقدمات قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور میں ان مقدار کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات