شاہ محمود قریشی کے وکیل کو جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت مل گئی

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 2 جون 2023 12:25

شاہ محمود قریشی کے وکیل کو جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت مل گئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 02 جون 2023ء) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے شاہ محمود قریشی کے وکیل کو اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے درخواست پر سماعت کی۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل بیرسٹر تیمور ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شاہ محمود قریشی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے،لاہور ہائیکورٹ نے استدعا منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو شاہ محمود قریشی سے وکیل کو ملاقات کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب اور سی پی او راولپنڈی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے،کیس کی سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما محمود مولوی کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی سے جیل میں ملاقات خوش آئند تھی،نتیجہ دو دن میں سامنے آ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات اکتوبر میں ہوتے نظر آ رہے ہیں۔نومئی کے بعد صورت حال بدل گئی،اس وقت تحریک انصاف کا سائیڈ میں ہونا مسئلے کا حل نہیں۔ محمود مولوی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نااہل ہوئے تھے، بے نظیر بھٹو نے بھی پارٹی امین فہیم کے حوالے کی تھی۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا پی ٹی آئی کی سابقہ لیڈر شپ سے رابطہ ہوا ہے،پی ٹی آئی کے سابق رہنمائوں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور پارٹی میں شامل افراد سے بھی رابطے کئے گئے ہیں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی تاہم پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں نے فواد چوہدری سے رابطوں کی تردید کر دی تھی۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا تھا کہ میرا فواد چوہدری سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔