ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ایم این ایز، سینیٹرز، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں کی ملاقاتیں

بدھ 8 جنوری 2025 21:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے اراکین پارلیمنٹ، سینیٹرز، ایم این ایز، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس ملاقاتیں کیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ملکی ترقی، پالیسی سازی اور معاشی استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور پارلیمان کا آپس میں گہرا تعلق ہے، معاشرے کو پالیسی سازی کے عمل میں شریک رکھنے میں میڈیا اور سول سوسائٹی کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے شرکاء کے ساتھ ’’اڑان پاکستان‘‘ منصوبے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ برآمدات کو بڑھا کر ترقی کے حصول کی جانب ایک بڑا قدم ہے، سرمایہ کاری اور ایکسپورٹ کو فروغ دینے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عوامی بھلائی کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ عوامی بھلائی کے منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی معیشت کو درست سمت پر لانے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ترقی پسند سوچ کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، ہمیں ذاتی مفاد کو ترک کرکے ملکی مفاد کو ترجیح دینی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر سب کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ مسائل کا حل ڈھونڈنا ہوگا، امن و استحکام اور سیاسی مفاہمت ملک کے مسائل کا حل ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹر رانا محمود الحسن، سینیٹر سعید ہاشمی، ایم این اے طارق فضل چوہدری، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کیں۔