ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک تحفہ ہوگا،سعید غنی

فیز ون کا افتتاح آئندہ چند روز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے،وزیر بلدیات سندھ

بدھ 8 جنوری 2025 04:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک تحفہ ہوگا۔ اس کے فیز ون کا افتتاح آئندہ چند روز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ملیر ایکسپریس وے کے مکمل ہونے والے فیز ون کے تفصیلی دورہ کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو و دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ صوبائی وزیر و معاون خصوصی نے ملیر ایکسپریس وے کے مکمل فیز ون کے آغاز سے اختتام اور ساتھ ملنے والی لنک روڈز کا بھی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے یہاں بنائے گئے ٹول پلازہ اور وہاں نصب مشینوں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک تحفہ ہوگا اور اس کے فیز ون کا افتتاح آئندہ چند روز میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ ایکسپریس وے 38 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے ہے اور اس کے دیگر فیز آئندہ سال تک مکمل کئے جائیں گے، جس کے بعد یہ قیوم آباد سے شروع ہوکر کاٹھور تک جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فیز ون قیوم آباد سے شاہ فیصل کالونی تک کا مکمل کرلیا گیا ہے اور وہاں ٹول کا کام بھی آخری مرحلے میں ہے، جس کے بعد یہ عوام کے لئے باقاعدہ کھول دیا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ اس ایکسپریس وے سے جہاں عوام کو آسان اور بلاتعطل سفر کی سہولیات میسر آئیں گی، وہاں تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی سہولیات میسر ہوں گی۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کراچی کے عوام کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔