یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں آٹو شو 2025 کا انعقاد

پیر 6 جنوری 2025 18:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ نے ایک روزہ ''آٹو شو 2025" کاانعقاد کیا ۔یہ ایونٹ سوسائٹی آف آٹوموٹیو انجینئرز اور یو ای ٹی پشاور چیپٹر کے زیر اہتمام پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک، ایڈوائزر SAE کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔شو کا انعقاد آٹوموٹیو کے شوقین افراد اور عام عوام کے لیے دلچسپی کا باعث بنا۔

تقریب کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ خٹک، سابق ڈین الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ نے کیا جنہوں نے طلبہ میں جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ شو میں 40 سے زائد اینٹیک گاڑیاں نمائش کیلئے لائی گئی تھی جن میں طلبہ اور آٹو انڈسٹری کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے تیار کردہ تجدید شدہ انجن شامل تھے۔

(جاری ہے)

جاپان ڈومیسٹک مارکیٹ 1990 کی دہائی کی گاڑیاں عوام کی دلچسپی کا باعث رہیں۔

شو نے جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی ڈیزائنز اور یو ای ٹی پشاور کے طلبہ کی تخلیقی ذہانت کو اجاگر کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر صادق خٹک، ایڈوائزر SAE نے کہا کہ یہ آٹو شو اپنی نوعیت کا ایک منفرد ایونٹ ہے جو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے اور عوام کی جانب سے زبردست ردعمل حاصل کرتا ہے۔ یہ آٹوموٹیو مارکیٹ میں جدت کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔تقریب کے اختتام پر شو کے شرکاء کو تعریفی سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔