گنے کے کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں بیلنے لگا کر گڑ بنانے کا عمل شروع کر دیا

جمعہ 13 دسمبر 2024 11:37

گنے کے کاشتکاروں نے بڑی تعداد میں بیلنے لگا کر گڑ بنانے کا عمل شروع ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2024ء)فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں کاشتکاروں نے گنے کی مناسب قیمت نہ ملنے پربیلنے لگاکر گڑ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اکثر مقامات پر گنے کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ چونکہ انہیں گنے کی مناسب قیمت نہیں مل رہی ،اس لئے انہوں نے یہ بہتر خیال کیا کہ وہ شوگر ملز مالکان کی اجارہ داری ختم کرنے کیلئے بیلنے نصب کر لیں اور گنے کا گڑ تیار کر لیں۔

انہوں نے بتا یا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث ایک بار پھر گڑ اور شکر کا استعمال شروع ہو گیا ہے اور آئے روز اس کی طلب بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں گڑ کی تیاری میں زبردست فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ رس نکالنے کے بعد بچ جانے والی گنے کی باقیات کو بھٹہ مالکان بھاری نرخوں پر خریدنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

اس طرح جن علاقوں میں چارے اور بھوسے کی قلت ہے وہاں پر گنے کے چھلکے اور پتے جانوروں کے چارے اور بھوسے کے طور پر بھی استعمال کئے جا رہے ہیں جس سے کاشتکاروں کواضافی رقم بھی حاصل ہو رہی ہے۔

دوسری جانب یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر اسی طرح گنے سے گڑ کی تیاری جاری رہی تو آئندہ سال ایک بار پھر چینی کی شدید قلت پیدا ہو سکتی ہے۔علاوہ ازیں مختلف اضلاع میں ابھی تک وسیع رقبہ پر گنے کی فصل کھڑی حالت میں موجود ہے جس کی وجہ سے گندم کی کاشت انتہائی تاخیر کا موجب بن رہی ہے اور اسی وجہ سے رواں سیزن کے دوران گندم کی کاشت کا ہدف کم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :