ضمنی انتخابات : پنجاب میں موبائل فون اور فورجی سروس کی بندش پری پول دھاندلی ہے.تحریک انصاف ‘لاہور میں مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہاتھاپائی

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی قومی اسمبلی کی خالی کی گئی نشست این اے148ملتان پر الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق ضمنی الیکشن 15مئی کو ہوگا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 21 اپریل 2024 13:29

ضمنی انتخابات : پنجاب میں موبائل فون اور فورجی سروس کی بندش پری پول ..
اسلام آباد/لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اپریل۔2024 ) ضمنی انتخابات کے لیے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے 21حلقوں پر صبح 8بجے سے پولنگ جاری ہے جو کسی وقفے کے بغیرشام 5بجے تک جاری رہے گی‘تحریک انصاف نے موبائل فون اور فور جی سروس کی بندش کو غیرآئینی و غیرقانونی قراردیتے ہوئے شرمناک اور نتائج میں دھاندلی کا منصوبہ قراردیا ہے ایک بیان میںپارٹی نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ان منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے نکلیں.

(جاری ہے)

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 119 میں ضمنی الیکشن میں پولنگ کے دوران مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے کارکنان میں ہاتھا پائی ہو گئی یہ واقعہ پولنگ سٹیشن 171 کی حدود میں پیش آیا، جہاں پولیس نے معاملہ ختم کروایا پولیس کی کارروائی پر تحریک انصاف نے الزام عائد کیا کہ اس کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے یہ نشست وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھوڑی تھی.

ضمنی انتخابات میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر لاہور سمیت صوبے کے چار اضلاع کی13تحصیلوں میں جن میں شیخوپورہ، قصور، تلہ گنگ، کلرکہار، گجرات، صادق آباد، ڈی جی خان شامل ہیں میں موبائل اورفورجی انٹرنیٹ سروس معطل ہے . ضمنی انتخاب میں سب سے سخت مقابلہ پنجاب میں ملتان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 148 پر ہو رہا ہے اس نشست پر یوسف رضا گیلانی نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار بیرسٹر تیمور ملک کو چند سو ووٹوں سے ہرایا تھا ضمنی انتخاب میںبیرسٹرتیمور کے مد مقابل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی قاسم گیلانی ہیں لیکن الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق اس حلقے میں الیکشن 15مئی کو ہوگا.

لاہور میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خالی کی گئی نشست این اے 119 پر مسلم لیگ نون کے علی پرویز ملک کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے میاں شہزاد فاروق سے ہے‘وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کی گئی قصور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 132 پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے سردارمحمد حسین ڈوگر سے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی لاہور میں خالی کی گئی دو صوبائی اسمبلی کی سیٹوں میں سے ایک پی پی 158 پر مسلم لیگ نون کے چوہدری نواز کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے چوہدری مونس الٰہی جبکہ پی پی 164 میںمسلم لیگ نون کے رانا راشد منہاس کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے چوہدری یوسف میو سے ہے.

لاہور میں ہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی خالی کی گئی صوبائی نشست 147 پر مسلم لیگ نون کے امیدوار سابق ایم این اے ملک ریاض کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمد خان مدنی سے ہے جبکہ وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے راہنماءعلیم خان کی خالی کردہ نشست پی پی 149 پر استحکام پاکستان پارٹی کے شعیب صدیقی کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے حافظ ذیشان رشید ہیں.

گجرات میں وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی خالی کردہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 32 پر حکمران اتحاد کے موسیٰ الہی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی میں مقابلہ ہے شیخوپورہ میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی خالی کی گئی صوبائی نشست پی پی 139 سے ان کے بھائی رانا افضال حسین نون لیگ کے امیدوار ہیں جبکہ ان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے چوہدری اعجاز بھٹی ہے وزیر آباد کے صوبائی حلقے پی پی 36 پر نون لیگ کے امیدوار عدنان افضل چٹھہ کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے فیاض چٹھہ سے ہے وفاقی وزیر احسن اقبال کی خالی کی گئی نارووال کی صوبائی نشست پی پی 54 پر نون لیگ کے امیدوار احسن اقبال کے بیٹے احمد اقبال ہیں، ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے اویس قاسم ہیں جنہیں نون لیگ کے ناراض رہنما دانیال عزیز کی حمایت بھی حاصل ہے.

تلہ گنگ سے پی پی 22 میں مسلم لیگ نون کے امیدوار فلک شیر اعوان کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے حکیم نثار سے ہے ڈیرہ غازی خان میں نون لیگی رہنما اویس لغاری کی خالی کی گئی صوبائی نشست پی پی290پر نون لیگ کے امیدوارعلی یوسف لغاری کا مقابلہ مسلم لیگ نون کے ناراض راہنما سنیئرسیاستدان اور سابق گورنر پنجاب سردارذوالقار علی کھوسہ کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلی پنجاب دوست محمد کھوسہ کے بھائی سنی اتحاد کونسل کے سیف کھوسہ سے ہے.

ضلع بھکر میں پی پی 93 اور رحیم یار خان میں پی پی 266 پر بھی حکمران اتحاد اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں میں مقابلہ ہے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی دو، دو خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پولنگ جاری ہے ان حلقوں میں این اے 8 باجوڑ، این اے 44 ڈی آئی خان، پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ شامل ہیں کے پی کے میںمجموعی طور پر 49 امیدواروں میں مقابلہ ہے، جن میں این اے 8 باجوڑ میں سات امیدوار، این اے 44 ڈی آئی خان میں 19، پی کے 22 باجوڑ میں 13 اور پی کے 91 کوہاٹ میں 10 امیدوار مدمقابل ہیںان چاروں نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 892 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں 139 پولنگ سٹیشن زیادہ حساس قرار دیے گئے ہیں .

بلوچستان اسمبلی کے تین صوبائی حلقوں پر انتخاب ہو رہے ہیں ان میں پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پول اور پی بی 22 لسبیلہ اور پی بی 20 خضدار میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے یاد رہے کہ پی بی 50 قلعہ عبداللہ سے عام انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار انجنیئر زمرک کامیاب ہوئے تھے تاہم سپریم کورٹ نے انتخابات کے نتائج کو کالعدم قرار دیکر اس نشست پر دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا.

پی بی 20 خضدار سے عام انتخابات میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کامیاب ہوئے تھے لیکن قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے کے باعث انھوں نے اس نشست کو خالی کیا تھا پی بی 22 لسبیلہ سے عام انتخابات میں مسلم لیگ نون جام کمال خان منتخب ہوئے تھے، تاہم قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے باعث انہوں نے بلوچستان اسمبلی کی اس نشست کو چھوڑ دیا تھا.