Live Updates

عمران خان کو مذاکرات کی کامیابی یا جیل سے باہر آنے کی کوئی فکر نہیں

القادرٹرسٹ کیس میں سزا ہوئی تو دنیا میں تضحیک ہوگی، عمران خان کو جیل میں رکھنا نظام کیلئے مشکل ہورہا ہے، یہ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، کیونکہ ملک میں سیاسی معاشی استحکام نہیں ہے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 9 جنوری 2025 22:26

عمران خان کو مذاکرات کی کامیابی یا جیل سے باہر آنے کی کوئی فکر نہیں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 09 جنوری 2025ء ) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان کو مذاکرات کی کامیابی یا جیل سے باہر آنے کی کوئی فکر نہیں، القادر ٹرسٹ کیس میں سزا ہوئی تو دنیا میں تضحیک ہوگی،عمران خان کو جیل میں رکھنا نظام کیلئے مشکل ہورہا ہے، یہ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، کیونکہ ملک میں سیاسی معاشی استحکام نہیں ہے۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت کی بات کو پارٹی کی بات نہیں سمجھتا ، بیرسٹر گوہر کی کل عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں بانی نے کہا کہ تیسری نشست کرلیں اور تحریری مطالبات بھی دے دیں، میٹنگ میں کہا جائے کہ اگر 9مئی اور 26نومبر پر جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا جاتا تو پھر چوتھی نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی بڑی جماعت ہے ہر کسی کی بات عمران خان کی بات نہیں ہے ، صرف دو چار لوگ ہیں جن کی بات کو عمران خان کی بات سمجھا جاسکتا ہے۔

عمران خان بالکل واضح ہیں وہ کہتے مذاکرات نہیں چلتے تو نہ چلیں، ان کی باہر آنے کی بالکل خواہش نہیں ہے ،یہ بات ٹھیک ہے کہ کارکنوں کی ضمانتیں ہونی چاہئیں۔ القادر ٹرسٹ کیس کا فیصلے سے دنیا میں جو تضحیک ہوگی وہ شاید ہمارا نظام سہے یا نہ سہہ سکے، سائفر ، عدت کا مقدمہ بنایا گیا وہ تمام مقدمات ہوا میں تحلیل ہوگئے۔ اب ایک ایسے مقدمے میں سزا دی جارہی ہے جہاں سرکار مانتی ہے کہ انہیں ایک پیسے کا نقصان نہیں ہوا۔

190ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ بھی خزانے میں جمع ہوچکا ہے، یہ پیسا شاید سالوں پاکستان واپس نہ آتا۔ عمران خان کو جیل میں رکھنا نظام کیلئے مشکل ہورہا ہے، یہ زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، ملک میں سیاسی معاشی استحکام نہیں ، قانون کی حکمرانی نہیں ہے اور سرمایہ کاری نہیں آرہی۔ مزید برآں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی ہدایت کے بعد مذاکرات کی تیسری نشست میں مطالبات دے دیے جائیں گے حالانکہ ہمارا عمران خان سے فری ماحول میں ملاقات کا مطالبہ نہیں مانا گیا لیکن پھر بھی عمران خان مذاکرات کے عمل کو ملک کی خاطر آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سنگجانی جلسہ ملتوی کروانے کے لیے صبح 7 بجے اڈیالہ جیل کے دروازے کھول دیے گئے، عمران خان کی منت ترلے کرنے کے لئے لیکن آج جس صوبہ میں آپ کی وزیر اعلیٰ ہے وہاں آپ ایک ملاقات نہیں کروا سکتے تو وہاں حکومت ہمارے دو مطالبات پرعملدرآمد کیسے یقینی بنا سکتی ہے؟ حکومت کی رسائی اپنے قائدین تک ہے، ہماری رسائی بانی تک ختم کی گئی، بانی پی ٹی آئی سے ہماری پہلی ملاقات جامع نہیں تھی۔
عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات