عام انتخابات میں ریکارڈ12کروڑسے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کرینگے

پاکستان میں ووٹرز کی تعداد میں اضافہ،پاکستان دنیا کی پانچویں جمہوریت بن گیا،ملکی تاریخ میں پہلی بار خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن بڑھ گئی،فافن کی رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 فروری 2024 11:35

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 فروری2024 ء) پاکستان میں ووٹرز کی تعداد میں اضافہ،پاکستان دنیا کی پانچویں جمہوریت بن گیا، 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کےلئے ملک میں ریکارڈ 12 کروڑ 80 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ملکی تاریخ میں پہلی بار خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن بڑھنے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، 2018 میں ووٹرز کا صنفی فرق 11.8 فیصد تھا جو اب 7.7 فیصد ہوگیا ہے۔

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک(فافن )کی رپورٹ کے مطابق پاکستان رجسٹرد ووٹرز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ ہونے پر بھارت، انڈونیشیا، امریکا اور برازیل کے بعد دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت بن گیا ہے۔2018ءکے بعد خواتین ووٹرز کی رجسٹریشن مردوں سے بڑھ گئی ہے۔ نئے رجسٹرڈ 2 کروڑ 25 لاکھ ووٹرز میں 1 کروڑ 25 لاکھ خواتین اور ایک کروڑ مرد ہیں۔

(جاری ہے)

2018ءمیں 85 اضلاع میں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ تھا، اب ان اضلاع کی تعداد 85 سے کم ہو کر 24 رہ گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے ایسے حلقے جہاں صنفی فرق 10 فیصد سے زیادہ تھا ان کی تعداد 173 سے کم ہو کر اب 38 رہ گئی ہے جن میں خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کے 12حلقے، بلوچستان سے11 حلقے، سندھ سے 10 حلقے اور پنجاب سے 5 حلقے شامل ہیںجبکہ صوبائی اسمبلی کے ایسے حلقے میں صنفی فرق 10 فیصد سے زائد تھا ان کی تعداد اب 398 سے کم ہو کر 102 ہو گئی ہے ان میں سندھ کے 31، بلوچستان کے 30، خیبر پختونخوا کے 24 اور پنجاب کے 17 حلقے شامل ہیں۔

فافن کی رپورٹ کے مطابق این اے 67 حافظ آباد میں سب سے زیادہ 8 لاکھ 10 ہزار 723 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، حلقہ این اے 244 میں سب سے کم ووٹ ایک لاکھ 55 ہزار 824 ہیں۔ خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کا سب سے بڑا حلقہ این اے 18 ہری پور ہے، این اے 18 ہری پور میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 24 ہزار 915 ہے، خیبرپختونخوا میں این اے 12 کوہستان میں سب سے کم ایک لاکھ 96 ہزار 125 ووٹرز ہیںجبکہ سندھ میں این اے 209 سانگھڑ ووٹرز کے اعتبار سے سب سے بڑا حلقہ ہے، این اے 209 سانگھڑ میں 6 لاکھ 7 ہزار 638 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں، سندھ میں این اے 244 کراچی میں سب سے کم ایک لاکھ 55 ہزار 824 ووٹرز ہیں، بلوچستان میں این اے 255 میں سب سے زیادہ 5 لاکھ 32ہزار 537 ووٹرز ہیں۔

فافن نے مزید کہا کہ پنجاب میں سب سے کم رجسٹرڈ ووٹرز این اے 124 لاہور میں 3 لاکھ 10 ہزار 116 ہیں، اسلام آباد کے تین حلقوں میں این اے 47 سب سے بڑا حلقہ ہے جہاں 4 لاکھ 33 ہزار 202 ووٹرز ہیں، این اے 48 ووٹرز کے اعتبار سے چھوٹا حلقہ ہے جہاں 2 لاکھ 92 ہزار 380 ووٹرز ہیں جبکہ بلوچستان میں این اے 264 کوئٹہ میں سب سے کم ایک لاکھ 96 ہزار 752 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔