امریکی سفیرڈونلڈ بلوم کی جہانگیر ترین ، یوسف رضا گیلانی سے ملاقاتیں

ہفتہ 18 نومبر 2023 17:50

لاہور/ ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2023ء) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ملاقاتو ں میں پاک امریکہ تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی گئی ،ملاقات میں پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔

امریکی سفیر اور جہانگیر ترین نے ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور اکنامک ریفارمز کے حوالے سے بات چیت کی۔ امریکی سفیر اور آئی پی پی کی قیادت کے درمیان آئندہ عام انتخابات کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی۔جہانگیر ترین نے انسانی حقوق کے حوالے سے اپنا مؤقف امریکی سفیر کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پی قیادت بھر پور انداز سے اپنی انتخابی اور سیاسی سرگرمیاں شروع کرچکی ہے، آئی پی پی عام انتخابات کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سفیر نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کے استحکام کے لئے اپنے بھر پور عزم کا اظہار کیا۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملتان میں گیلانی ہاؤس میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔امریکی سفیر نے یوسف رضا گیلانی، رفیق بروانہ اور دوست محمد کھوسہ سے ملاقات کی۔یوسف رضا گیلانی نے ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام لایا جا سکتا ہے۔