Live Updates

عام انتخابات میں عمران خان نہیں ،مہنگائی ہمارے لئے تھریڈ ہے ،یوسف رضا گیلانی

ہفتہ 18 نومبر 2023 22:37

عام انتخابات میں عمران خان نہیں ،مہنگائی ہمارے لئے تھریڈ ہے ،یوسف رضا ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2023ء) سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں عمران خان نہیں ،مہنگائی ہمارے لئے تھریڈ ہے ،جمہوری اقتدار سے ہی ملک میں معاشی خوشحالی آئے گی ،پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن میں بھرپور اور مکمل تیاری کے ساتھ حصہ لے گی، بہت جلد پیپلزپارٹی کے چیئرمین منشور دیں گے ،ہمارا مقصد ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اس وقت ملک میں سب سے بڑا بحران لا اینڈ آرڈر ہے، اس بحران سے ملک کو نکالنے کیلئے فری اینڈ فیئر الیکشن لازم و ملزوم ہیں ،الیکشن میں سب پارٹیوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں ، بلاول بھٹو زرداری کا بھی واضح موقف ہے کہ سب کو برابر مواقع ملیں ،الیکشن کو فری اینڈ فیئر ہونے کیلئے لیول پلینگ فیلڈ سب کو ملنی چاہیے، بہت سے الیکٹیبلز رابطے میں ہیں اور بہت جلد پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے، پی ڈی ایم کا حصہ نہ تھے نہ ہی ہیں ہم ان کے حکومتی پارٹنر تھے اور ہم صرف اپنی وزارتوں کا جواب دے سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم و مرکزی سینئر وائس چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے سابق گورنر پنجاب و جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود، سابق وزیراعلیٰ دوست محمد کھوسہ، خواجہ رضوان عالم، عبدالقادر شاھین، شازیہ عابد، آصف خان دستی، ملک ریاض سامیہ کے ہمراہ بلاول ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ نہ تھے نہ ہی ہیں ہم ان کے حکومتی پارٹنر تھے اور ہم صرف اپنی وزارتوں کا جواب دے سکتے ہیں، باقی 16 ماہ کی کارکردگی کا جواب پی ڈی ایم دے سکتی ہے ،ہمارے منشور میں کسان، ہاری، مزدور، خواتین، نوجوان، تاجر صنعتکار، منیارٹیز سب طبقات کے بنیادی حقوق کی بات ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنا چاہتے ہیں اور اس کیلئے ہم کوشاں ہیں ۔

انہوں نیکہا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر ہم نے عمل کیا اسی عمل کا نتیجہ ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے صدر کے اختیارات پارلیمنٹ کو دیکر پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کی ہم آج بھی چاہتے ہیں کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر عمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ میں اور میرے دونوں بیٹے سید عبدالقادر گیلانی، سید علی موسیٰ گیلانی قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے اور میرا بیٹا سید علی حیدر گیلانی صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑے گا ۔

انہوںنے کہاکہ میں اپنے آبائی حلقہ این اے 148 سے الیکشن لڑوں گا ۔اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ الیکشن میں پیپلزپارٹی سرپرائز دیگی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس وقت واحد لیڈر ہیں جو عوام کی بات کر رہے ہیں اور انکی اپوزیشن میں ہوتے ہوئے اور بطور وزیر خارجہ کارکردگی سب کے سامنے ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کارکن ہمارا اثاثہ ہیں ہم کارکنوں کی محنت سے الیکشن جیتیں گے ۔اس موقع پر رائو ساجد علی، وقاص خان گورچانی، مرزا فرقان مفل،خواجہ عمران، ساجد بلوچ، چوہدری یاسین، سلیم راجہ، عباس گورچانی، ڈاکٹر یونس شاکر،سرور دلشاد، اللہ بخش بھٹہ سمیت کافی تعداد میں پارٹی عہدیدران شریک تھے۔
مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات