آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست پر رنویر سنگھ پاکستانی شائق کو دلاسہ دیتے رہے

سوشل میڈیا پر بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کی پاکستانی کو دلاسہ دینے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 18 جون 2019 11:49

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء: پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست پر رنویر سنگھ ..
مانچسٹر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2019ء) : آئی سی سی ورلڈ کپ کے تحت کھیلے جانے والے میچ میں دو روز قبل پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ورلڈکپ 2019 ء میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا لیکن قومی کرکٹ ٹیم کی بد ترین کارکردگی نے کرکٹ شائقین کو کافی زیادہ مایوس کیا ۔

پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر گراؤنڈ میں موجود کئی شائقین آبدیدہ ہو گئے اور ٹیم پر کافی برہمی کا اظہار بھی کیا۔ تاہم اب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بالی وڈ کے فلمسٹار رنویر سنگھ پاکستان کی شکست کے بعد ایک دُکھی اور افسردہ پاکستانی کرکٹ شائق کو دلاسہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بالی وڈ کے فلمسٹار رنویر سنگھ نے پاکستانی شائق کو گلے لگایا ، اور اُسے دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بات نہیں ، ٹیم میں پروفیشنل لوگ ہیں، جو کھیلنا جانتے ہیں، اگلے میچ میں کھلاڑی کم بیک کریں گے، آپ اپنا دل بُرا نہ کریں۔

بالی وڈ فلمسٹار کی ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

اس ویڈیو کو دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین نے رنویر سنگھ کے مثبت رویے کی خوب داد دی اور کہا کہ بالی وڈ میں اتنا نام کمانے کے باوجود رنویر سنگھ میں کسی قسم کا تکبر نہیں تھا۔ انہوں نے انتہائی اچھے انداز میں پاکستانی کرکٹ شائق کو گلے لگایا ، دلاسہ دیا اور یہاں تک کہ یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ اب پاکستانی ٹیم اگلے میچ میں کم بیک کرے گی اور اچھا کھیلے گی۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین نے رنویر سنگھ کے اس رویے کو خوب سراہا اور ان کی مثبت شخصیت کی خوب داد دی۔