خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کے3 علاقوں میں آپریشنز، 19 خوارج ہلاک کردیئے گئے

فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، سکیورٹی فورسز نے متنی، بازئی اور کرک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے تھے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 جنوری 2025 22:04

خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز کے3 علاقوں میں آپریشنز، 19 خوارج ہلاک ..
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 07 جنوری 2025ء ) پاک فوج کا ملک بھر میں خوارج اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں، خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز نے تین علاقوں میں آپریشنزکے دوران 19 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف 3 آپریشنز کئے، سکیورٹی فورسز نے آپریشنز کے دوران 19 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج مارے گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع مہمند کے علاقے بازئی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ۔ سکیورٹی فورسز نے کرک میں آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد کو جہنم واصل کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیوٹی فورسز کے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے بہادر جوانوں میں لانس حوالدار عباس علی ، نائیک محمد نذیر اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں۔