حکومت کا نان فائلرز پر اسٹاک ایکسچیبج میں معاشی لین دین پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ

پاکستان سٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے نان فائلرز پر ممکنہ پابندی پر وزارت خزانہ سے متبادل حل تلاش کرنے کی اپیل کردی

muhammad ali محمد علی بدھ 8 جنوری 2025 00:18

حکومت کا نان فائلرز پر اسٹاک ایکسچیبج میں معاشی لین دین پر پابندی عائد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جنوری2025ء) حکومت کا نان فائلرز پر اسٹاک ایکسچیبج میں معاشی لین دین پر پابندی عائد کرنے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اب پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے نان فائلرز کیخلاف بھی گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے دیگر شعبوں میں نان فائلرز پر سختیاں بڑھانے کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے نان فائلرز کو ٹارگٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت 114C کے تحت نان فائلرز پر اسٹاک ایکسچیبج میں معاشی لین دین پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے نان فائلرز پر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری پر پابندی لگانے کا اشارہ دینے پر پاکستان سٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سٹاک بروکرز ایسوسی ایشن نے نان فائلرز پر ممکنہ پابندی عائد کیے جانے پر وزارت خزانہ سے متبادل حل تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔

وزارت خزانہ سے کہا گیا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں نان فائلز پر یکدم پابندی سے میوچل فنڈ سمیت سرمایہ کاری پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریبا 30 فیصد افراد نان فائلرز ہیں۔ حکومت سے کہا گیا ہے کہ سب سیکشن 1کے تحت سکیورٹیز میں سرمایہ کاری کا حق ہر شخص کو حاصل ہے، لہذا حکومت ٹیکس قوانین میں ترمیم سے قبل سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔

یہاں واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سال 2024 کے دوران ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔ 2023 میں 40 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے گر جانے والی مارکیٹ اب 1 لاکھ پوائنٹس کی سطح سے اوپر جا چکی۔ معاشی ماہرین کے مطابق حکومتی سختیوں اور معاشی جمود کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف شعبوں سے سرمایہ نکال کر اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی گئی، اسی باعث اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ ساز تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری کرنے والوں کی بڑی تعداد نان فائلرز بھی ہیں، اسی باعث حکومت نے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔