کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا مستعفی ہونے کا اعلان

کینیڈا کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک کینیڈین پارلیمنٹ کی کاروائی معطل کر دی گئی، نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک ٹروڈو عہدے پر براجمان رہیں گے

muhammad ali محمد علی پیر 6 جنوری 2025 21:39

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا مستعفی ہونے کا اعلان
اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2025ء) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا مستعفی ہونے کا اعلان، کینیڈا کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک کینیڈین پارلیمنٹ کی کاروائی معطل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے عہدے سے استعفٰی دینے کا اعلان کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے پارٹی میں اپنی مخالفت کی وجہ سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔

کینیڈین وزیر اعظم نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے طریقہ کار میں ترمیم نہ کر پانے پر افسوس ہے، نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک ذمے داریاں نبھاوں گا، جبکہ کینیڈا کے نئے وزیر اعظم کے انتخاب تک پارلیمنٹ کی کاروائی معطل رہے گی۔ واضح رہے کہ غیر ملکی میڈیا کی جانب سے پہلے ہی بتایا جا رہا تھا کہ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے رواں ہفتے استعفی دینے کا اعلان متوقع ہے۔

(جاری ہے)

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو لبرل پارٹی کے رہنما کے طور پر بھی جلد مستعفی ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں خبر سامنے آئی تھی کہ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی پارٹی رواں سال کے اوائل میں اقتدار سے محروم ہوتی نظر آ رہی ہے، ان پر اپنے ہی قانون سازوں کی جانب سے استعفی دینے اور کسی اور شخص کو اقتدار سونپنے کا دبائو بڑھ رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق حکمراں جماعت لبرلز کو 9 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ بڑھتی قیمتوں اور ہاوسنگ بحران کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں عوام کے غم و غصے کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کے 10 صوبے میں سے سب سے زیادہ گنجان آباد اور پارٹی کے مضبوط گڑھ اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے 50 سے زیادہ لبرلز اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک میٹنگ میں اتفاق کیا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔