ایلون مسک جھوٹ پھیلا رہے ہیں، برطانوی وزیراعظم برس پڑے

منگل 7 جنوری 2025 17:18

ایلون مسک جھوٹ پھیلا رہے ہیں، برطانوی وزیراعظم برس پڑے
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2025ء) برطانوی حکومت سے متعلق ایلون مسک کے متنازع بیانات پر برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر برس پڑے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے ٹیسلا کے بانی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مالک ایلون مسک کی تنقید کو یک سر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ اور غلط معلومات پھیلانے والوں کو متاثرین میں نہیں، بلکہ خود میں دل چسپی ہے۔

کیئر سٹارمر نے برطانیہ میں بچوں کے جنسی گرومنگ گینگز کے بارے میں ایلون مسک کے بیان کو جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ وہ غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔انھوں نے کہا فلپ نے جنسی زیادتی کے متاثرین کے لیے ہزار گنا زائد کام کیا ہے، جس کا تنقید کرنے والے خواب بھی نہیں دیکھ سکتے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر اعظم نے کہاکہ بچوں کے سیکس گرومنگ گینگ سے متعلق کسی نئی انکوائری کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گزشتہ انکوئری کی سفارشات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

کئی دنوں سے دنیا کے امیر ترین آدمی ایلون مسک اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے انگلینڈ کے کچھ حصوں میں بچوں کے جنسی استحصال پر مبنی برسوں پرانے اسکینڈل کے گڑھے مردے اکھاڑنے لگے ہیں۔ایک پوسٹ میں مسک نے شاہ چارلس III سے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے اور برطانیہ میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ ایک اور پوسٹ میں انھوں نے خاتون وزیر جیس فلپس کو قید کرنے کا مطالبہ کیا، اور انھیں خالص برائی اور ایک شریر مخلوق قرار دیا۔

پیر کے روز مسک نے یہ بھی کہا کہ اسٹارمر کو جیل میں ہونا چاہیے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیس فلپ نے اولڈہم میں بچوں سے زیادتی کی قومی سطح پر پبلک انکوائری سے انکار کیا تھا، جس پر ایلون مسک نے برطانیہ کی سیف گارڈنگ منسٹر جیس فلپ کو ریپ اور نسل کشی کی معافی دینے والا قرار دے دیا تھا۔